ٹی ٹوئنٹی سیریز

سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان کی ایک اورکامیابی، فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

راولپنڈی: سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان نے زمبابوے کو بآسانی 69 رنز سے شکست دے کر مسلسل تیسری کامیابی حاصل کی اور فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنائے۔ بابر اعظم اور صاحبزادہ فرحان نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ بڑے ہدف کے تعاقب میں زمبابوین ٹیم دباؤ کا شکار رہی اور 126 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

رائن برل کی 67 رنز کی اننگز بھی زمبابوے کو شکست سے نہ بچاسکی۔ عثمان طارق نے شاندار ہیٹ ٹرک کی اور 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔

گرین شرٹس نے صاحبزادہ فرحان اور بابر اعظم کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنائے۔ پاکستان کی پہلی وکٹ 29 کے مجموعی اسکور پر گری جب صائم ایوب 13 رنز بنا کر بریڈ ایونز کی گیند پر ویلنگٹن ماساکڈزا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد صاحبزادہ فرحان اور بابر اعظم نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 103 رنز کی شاندار شراکت قائم کی اور ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کر دیا۔

صاحبزادہ فرحان نے 41 گیندوں پر 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 63 رنز بنائے جبکہ بابر اعظم نے بھی اپنی کلاس کا بھرپور مظاہرہ کیا اور 52 گیندوں پر 74 رنز کی دلکش اننگز کھیلی جس میں 2 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔ آخری اوورز میں فخر زمان نے برق رفتار بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 10 گیندوں پر 3 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے ناقابل شکست 27 رنز بنا کر ٹیم کے اسکور کو مزید تقویت دی۔

فہیم اشرف 3 اور محمد نواز 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ زمبابوے کی جانب سے سکندر رضا نے دو جبکہ رچرڈ نگروا اور ٹینوٹینڈا موپاسا نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔ زمبابوے کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 19 اوورز میں 126 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

رائن برل 67 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ ان کے سوا کوئی بھی زمبابوین بیٹر پاکستانی باؤلرز کا اعتماد کے ساتھ سامنا نہ کر سکا۔ برائن بینیٹ 9، تادیواناشے مارومانی 4، برینڈن ٹیلر 8، کپتان سکندر رضا 23، ٹونی منیونگا ایک، بریڈ ایونز 2، ٹینوٹینڈا موپاسا 3، رچرڈ نگروا 5 جبکہ تاشنگا موسیکیوا اور ویلنگٹن ماساکڈزا بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ پاکستان کی جانب سے عثمان طارق نے تباہ کن باؤلنگ کی اور 18 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ محمد نواز نے دو جبکہ نسیم شاہ ، محمد وسیم اور فہیم اشرف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top