اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی، دفاعی اور سیکیورٹی تعاون تاریخی بنیادوں پر قائم ہے اور دونوں ممالک مستقبل میں اس شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے یہ یقین دہانی سعودی عرب کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حمید الرویلی سے ملاقات کے دوران کرائی۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق ملاقات میں آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے سعودی قیادت، خصوصاً خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے سعودی عرب کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مشترکہ عقیدے، باہمی اعتماد اور دیرینہ معاشی و اسٹریٹجک شراکت داری پر مبنی ہیں۔ انہوں نے اپنے حالیہ دورۂ ریاض کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی نوعیت کے دفاعی اور اسٹریٹجک معاہدوں پر دستخط ہو چکے ہیں۔
وزیراعظم نے دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف مشترکہ عزم پر بھی زور دیا اور کہا کہ خطے میں امن و استحکام دونوں ممالک کی ترجیح ہے۔
جنرل فیاض بن حمید الرویلی نے سعودی قیادت کی جانب سے وزیراعظم اور پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور کہا کہ دفاعی اور تزویراتی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کی خواہش رکھتے ہیں۔
اس سے قبل آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے جی ایچ کیو میں ہونے والی ملاقات میں بھی پاکستان–سعودی عرب عسکری تعاون، سیکیورٹی اور انسدادِ دہشت گردی کے معاملات پر تفصیلی گفتگو ہوئی تھی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں ممالک نے اسٹریٹجک دفاعی شراکت داری مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔









