بیجنگ (سی این پی) پاکستان اور چین نے دہشتگردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اور دو طرفہ سکیورٹی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ فیصلہ بیجنگ میں ساتویں پاک چین اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے دوران کیا گیا، جس کی صدارت چینی وزیر خارجہ وانگ ای اور پاکستانی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کی۔
اعلامیے کے مطابق، پاک چین وزرائے خارجہ نے جنوبی ایشیا میں امن، یکطرفہ اقدامات کی مخالفت اور تنازعات کے حل پر زور دیا۔ پاکستان نے ون چائنا پالیسی کے تحت چین کی حمایت کا اعادہ کیا، جبکہ چین نے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور دہشتگردی کے خلاف تعاون پر زور دیا۔
دونوں ممالک نے دفاعی و سکیورٹی تعاون، تجارت، سرمایہ کاری، عوامی روابط اور اسٹریٹجک رابطے بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ پاک چین تعلقات کو نسل در نسل منتقل کرنے اور 2026 میں سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کی تقریبات کے انعقاد پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ سی پیک 2، زراعت، معدنیات اور گوادر پورٹ میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا، اور خلائی تعاون میں پاکستانی خلابازوں کی چینی خلائی اسٹیشن میں شمولیت کے منصوبے پر بھی بات ہوئی۔ پاکستان اور چین نے دہشتگردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی اعتماد بڑھانے پر اتفاق کیا، تاکہ خطے میں امن، استحکام اور ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔








