پاکستان ترکیہ کا توانائی تعاون

شہباز شریف، بیریکتر ملاقات، پاکستان اور ترکیہ کا توانائی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے جمہوریہ ترکیہ کے وزیرِ توانائی و قدرتی وسائل الپرسلان بیریکتر نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ ترک وزیر پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں۔
وزیراعظم نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کی مثبت پیش رفت پر اظہارِ اطمینان کیا۔ انہوں نے خصوصاً توانائی، پٹرولیم اور معدنیات کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کو دہرایا۔

وزیراعظم نے بتایا کہ ترکیہ کی توانائی کمپنیوں کی پاکستان میں شمولیت خوش آئند ہے، جبکہ ترکش پیٹرولیم کا آف شور اور آن شور تیل و گیس کی تلاش میں حصہ لینا دونوں ممالک کے درمیان توانائی تعاون کا بڑا سنگ میل ہے۔ انہوں نے ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان کے توانائی مارکیٹ میں سرمایہ کاری بڑھانے کی بھی دعوت دی۔

وزیراعظم نے صدر رجب طیب اردوان کے ساتھ اپنی متعدد ملاقاتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ علاقائی اور عالمی حالات دونوں ممالک کے درمیان قریبی سفارتی و اقتصادی رابطے کی ضرورت بڑھا رہے ہیں۔

فریقین اس بات پر متفق ہوئے کہ پاکستان کا وزارتی وفد آئندہ دنوں میں ترکیہ کا دورہ کرے گا، جہاں خاص طور پر توانائی اور بجلی کے شعبے میں مزید تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار، وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر پاور ڈویژن سردار اویس لغاری، معاون خصوصی طارق فاطمی اور اعلیٰ حکومتی حکام موجود تھے۔

اس موقع پر دونوں ممالک نے کان کنی کے شعبے میں متعدد مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں کا تبادلہ بھی دیکھا۔ ان میں ایسٹرن آف شور انڈس-سی ڈید آف اسائنمنٹ، زیارت نارتھ بلاک کا پیٹرولیم کنسیشن ایگریمنٹ، اور سکھ پور-II بلاک سمیت مختلف بلاکس کے کنسیشن ایگریمنٹس شامل تھے۔

مزید تازہ ترین خبریں

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top