اسلام آباد میں پاک انڈونیشیا تعلقات نئی جہت میں داخل ہو گئے، جہاں پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان کئی شعبوں میں تعاون کے اہم معاہدے طے پائے، صدر پرابوووسوبیانتو کیلئے پروقار استقبالیہ دیا گیا اور پاک فضائیہ کے جے ایف 17 طیاروں نے فضائی سلامی پیش کر کے اس اہم دورے کو تاریخی بنا دیا۔
پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان تعاون کے سات معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ ہوا، جس کی تقریب میں وزیراعظم محمد شہباز شریف اور انڈونیشیا کے صدر پرابوووسوبیانتو شریک تھے۔
دونوں ممالک نے اعلیٰ تعلیم، وظائف، چھوٹے اور درمیانے کاروبار کی ترقی، تاریخی دستاویزات و آرکائیوز کے تحفظ، حلال تجارت اور سرٹیفکیشن سمیت صحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ پاکستانی طلباء کو انڈونیشیا میں اعلیٰ تعلیم کیلئے مزید مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
وزیراعظم ہائوس میں پروقار استقبالیہ
دوسری جانب وزیراعظم ہاؤس میں انڈونیشیا کے صدر کے اعزاز میں پروقار استقبالیہ تقریب ہوئی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے صدر پرابوووسوبیانتو کا مرکزی دروازے پر پرتپاک استقبال کیا۔
مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے صدر انڈونیشیا کو گارڈ آف آنر پیش کیا جبکہ دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے۔
صدر پرابوووسوبیانتو نے پودا بھی لگایا، اور دونوں رہنماؤں نے خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کابینہ کے ارکان سے تعارف کرایا جبکہ صدر پرابووووسوبیانتو نے اپنے وفد کا تعارف وزیراعظم سے کروایا۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان اعتماد، اقتصادی شراکت داری اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ کا نیا سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
پاک فضائیہ کی شاندار فضائی سلامی
ادھر پاک فضائیہ نے بھی انڈونیشیا کے صدر کو شاندار فضائی سلامی پیش کی۔ صدر کا طیارہ پاکستان کی حدود میں داخل ہوتے ہی پاک فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر کے 6 جنگی طیاروں نے حصار بنا کر منفرد انداز میں خوش آمدید کہا۔ اس تاریخی استقبال پر صدر انڈونیشیا نے پاکستانی قیادت، پاک فضائیہ اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔








