راولپنڈی: پاکستان آرمی اور چین کی پیپلز لبریشن آرمی نے مشترکہ فوجی مشق وارئیر نائن کا باضابطہ آغاز کردیا۔ یہ مشق پاک چین سالانہ انسدادِ دہشت گردی تعاون کا نواں ایڈیشن ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان طویل المدتی دفاعی شراکت داری اور اسٹریٹجک اعتماد کی مضبوط روایت کی علامت ہے۔ خطے میں بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال اور جدید چیلنجز کے تناظر میں یہ پاک چین فوجی مشقیں دونوں ملکوں کی دفاعی ہم آہنگی کو ایک نئے مرحلے میں داخل کر رہی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ مشقیں نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر پبی میں شروع ہوئیں۔ افتتاحی تقریب میں منگلا کور کے کمانڈر کے ساتھ چین کی ویسٹرن تھیٹر کمانڈ کے ڈپٹی چیف آف اسٹاف میجر جنرل بیان شیاؤمِنگ بھی شریک تھے۔
اس سال وارئیر نائن کا بنیادی فوکس کاؤنٹر ٹیررازم آپریشنز پر رکھا گیا ہے، جس کا مقصد دونوں افواج کے درمیان انٹر آپریبلٹی بڑھانا، جدید جنگی مہارتوں میں بہتری لانا، پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرنا اور انسدادِ دہشت گردی سے متعلق جدید طریقہ کار کا باہمی تبادلہ کرنا ہے۔
آنے والے دنوں میں یہ پاک چین فوجی مشقیں مختلف کاؤنٹر ٹیررازم ڈرلز، مربوط آپریشنز اور جدید جنگی تکنیکوں پر مشتمل ہوں گی، جن کے ذریعے دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے دونوں افواج کی مشترکہ صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ دفاعی ماہرین کے مطابق اس طرح کی مشقیں خطے میں امن اور استحکام کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔









