پنجاب میں شدید دھند

پنجاب میں شدید دھند، مختلف مقامات پر موٹرویز بند

لاہور: پنجاب میں شدید دھند کے باعث موٹرویز مختلف مقامات سے بند کر دی گئیں۔ موٹروے پولیس سینٹرل ریجن کے ترجمان کے مطابق موٹروے ایم-2 لاہور سے کوٹ مومن، ایم-3 فیض پور سے درخانہ، ایم-4 پنڈی بھٹیاں سے گوجرہ جبکہ ایم-4 خانیوال سے ملتان تک دھند کی وجہ سے بند کی گئی ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ موٹرویز کی بندش کا بنیادی مقصد عوام کی جان و مال کا تحفظ ہے، کیونکہ دھند کے دوران لین کی خلاف ورزی اور تیز رفتاری خطرناک حادثات کا باعث بن سکتی ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیں۔

موٹروے پولیس کے مطابق دھند میں محفوظ سفری اوقات صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک ہیں۔ ڈرائیور حضرات فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں، آگے چلنے والی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں اور رفتار کو کنٹرول میں رکھیں۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال یا رہنمائی کے لیے شہری موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کر سکتے ہیں، جبکہ موسم کی صورتحال بہتر ہونے پر موٹرویز کو مرحلہ وار ٹریفک کے لیے بحال کیا جائے گا۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top