پنجاب میں ٹریفک حادثات

پنجاب میں ٹریفک حادثات، 24 گھنٹوں میں 15 افراد جاں بحق

لاہور: پنجاب بھر میں ٹریفک حادثات کا سلسلہ نہ رک سکا، جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف اضلاع میں پیش آنے والے حادثات میں 15 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 1444 افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو 1122 نے صوبہ بھر میں درجنوں حادثات پر بروقت رسپانس دیتے ہوئے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی۔

ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 1244 ٹریفک حادثات پر رسپانس کیا۔ ان حادثات کے نتیجے میں 617 افراد شدید زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی ضلعی اور تحصیل سطح کے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جبکہ 827 معمولی زخمیوں کو ریسکیو میڈیکل ٹیموں نے جائے وقوعہ پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔

ریسکیو حکام کے مطابق ان حادثات میں سب سے زیادہ تعداد موٹر سائیکل سواروں کی رہی، جو مجموعی طور پر 75 فیصد بنتی ہے۔ صوبائی مانیٹرنگ سیل کو موصول ہونے والی ایمرجنسی کالز کے اعداد و شمار کے مطابق ان حادثات میں 775 ڈرائیور، 51 کم عمر ڈرائیور، 499 مسافر اور 185 پیدل چلنے والے افراد متاثر ہوئے۔

حادثات میں لاہور پہلے نمبر پرگوجرانوالہ دوسرے اور فیصل آباد تیسرے نمبر پر رہا

اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ 231 ٹریفک حادثات کی کالز لاہور کنٹرول روم میں موصول ہوئیں، جن میں 275 افراد متاثر ہوئے۔ گوجرانوالہ 85 حادثات اور 91 متاثرین کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا، جبکہ فیصل آباد 77 حادثات اور 87 متاثرین کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔

ریسکیو 1122 کے مطابق ان حادثات میں مجموعی طور پر 1459 متاثرین شامل ہیں، جن میں 1191 مرد اور 268 خواتین شامل ہیں۔ حادثات کے دوران 1209 موٹر سائیکلیں، 80 آٹو رکشے، 160 کاریں، 19 وینز، 19 مسافر بسیں، 19 ٹرک اور 119 دیگر اقسام کی گاڑیاں متاثر ہوئیں۔

ریسکیو حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں، رفتار کو قابو میں رکھیں اور خاص طور پر موٹر سائیکل سوار حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو بچایا جا سکے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top