اسلام آباد(سی این پی)چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے ہفتہ کے روز سابق چیئرمین سی ڈی اے کامران لاشاری کے ہمراہ F-7/3 پارک میں ایم سی آئی کے زیر انتظام اسلام آباد کی پہلی اورگینک کمیونٹی مارکیٹ کا دورہ کیا اور مارکیٹ میں قائم مختلف سٹالز کا معائنہ کیا۔
متعلقہ افسران نے چیئرمین سی ڈی اے کو مارکیٹ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مارکیٹ میں مختلف اشیاء کے سٹالز قائم کیے گئے ہیں اور مارکیٹ میں قدرتی، کیمیائی مادوں سے پاک، تازہ اور صحت بخش غذائی اجناس شہریوں کی توجہ کا مرکز ہیں۔
چیئرمین کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مارکیٹ میں بچوں اور فیملیز کے لیے خصوصی سرگرمیوں کا انتظام کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے یہ مارکیٹ تفریح اور صحت دونوں کا حسین امتزاج ہے۔
مارکیٹ میں تازہ پھل و سبزیاں، ہوم میڈ بیکری آئٹمز، دستکاروں کی تیار کردہ لذیذ غذائیں اور اعلیٰ معیار کے پنیر سمیت دیگر قدرتی اجناس دستیاب ہیں، جنہیں شہریوں نے بھرپور پذیرائی دی ہے۔ فیملیز کے لیے مارکیٹ میں مفت داخلے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ مارکیٹ ہر ویک اینڈ پر صبح 11:30 بجے سے شام 4:30 بجے تک اوپن رہتی ہے۔
سابق چیئرمین اور ایم سی آئی کی رائے
چیئرمین سی ڈی اے نے مارکیٹ کے بہترین انتظامات اور شہریوں کی بھرپور شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ مارکیٹ نہ صرف خریداری کا مرکز بلکہ کمیونٹی کے باہمی ربط کا بہترین پلیٹ فارم بھی ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹ شہریوں کو پارک کے قریب صحت بخش مصنوعات تک رسائی فراہم کرتی ہے۔
سابق چیئرمین کامران لاشاری نے مارکیٹ کو صحت بخش اور معیاری مصنوعات کی دستیابی کیلئے بہترین اقدام قرار دیا۔ سی او ایم سی آئی ڈاکٹر انعم فاطمہ نے شہریوں سے پارک کی صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھنے کی اپیل کی اور کہا کہ یہ اقدامات کمیونٹی اسپیسز کو فروغ دینے کا حصہ ہیں۔









