trade deficit

رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں تجارتی خسارہ 19 ارب ڈالر سے تجاوز

اسلام آباد: رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران پاکستان کو بڑھتے ہوئے تجارتی خسارے کا سامنا رہا ہے، جہاں درآمدات میں نمایاں اضافے اور برآمدات میں کمی کے باعث تجارتی خسارہ 19 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے، جو معیشت کیلئے ایک سنجیدہ چیلنج قرار دیا جا رہا ہے۔

دستیاب سرکاری دستاویزات کے مطابق مالی سال کے ابتدائی چھ ماہ میں برآمدات میں 8 اعشاریہ 7 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ اسی مدت کے دوران درآمدات میں 11 اعشاریہ 28 فیصد اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں تجارتی توازن مزید بگڑ گیا۔

اعداد و شمار کے مطابق پہلی ششماہی میں پاکستان کی مجموعی برآمدات 15 ارب 18 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گئیں، جبکہ درآمدات کا حجم 34 ارب 38 کروڑ ڈالر سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا، جس سے تجارتی خسارہ نمایاں حد تک بڑھا۔

دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں برآمدات 16 ارب 50 کروڑ ڈالر کے قریب تھیں، جبکہ درآمدات 30 ارب 90 کروڑ ڈالر سے زائد رہیں، تاہم رواں مالی سال کے دسمبر میں گزشتہ سال کے دسمبر کے مقابلے میں برآمدات میں 20 فیصد کمی اور درآمدات میں 2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top