اسلام آباد (سی این پی) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں پی آئی اے کی 75 فیصد شیئرز کی کامیاب نجکاری پر اظہار اطمینان کیا گیا اور دیگر اہم فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم نے کابینہ ارکان کو نئے سال کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری حکومت کے معاشی اصلاحات کے ویژن کا حصہ ہے اور بڈنگ کا عمل انتہائی شفاف رہا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت میں آنے کے بعد خسارے میں جانے والے ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری اولین ترجیح تھی اور پی آئی اے کی یہ نجکاری اس حوالے سے ایک سنگ میل ہے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ملک کی جی ڈی پی میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید ال نہیان اور سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے حالیہ ملاقاتوں اور بات چیت کو دو طرفہ تعلقات اور باہمی مشاورت کے لیے انتہائی مفید قرار دیا۔
وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹیو کیسز کے 3 اور 30 دسمبر 2025 کے اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کی، جس میں اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری لوکل گورنمنٹ (ترمیمی) آرڈینینس 2025 کی کارروائی بھی شامل ہے۔ کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 26 اگست 2025 کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کرتے ہوئے آف گرڈ (کیپٹو پاور پلانٹس) لیوی ایکٹ 2025 میں ترمیم کے صدارتی حکم نامے کے اجرا کے لیے کارروائی کی منظوری دی۔









