لندن کے تاریخی لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں اس بار ریکارڈ ساز میچ نہیں بلکہ پی ایس ایل کے ستاروں کی چمک دمک بکھرنے جا رہی ہے۔ دنیا بھر کے سرمایہ کار، کرکٹ فینز اور پاکستانی سپر اسٹارز ایک ہی چھت تلے جمع ہوں گے، جس سے ایونٹ کی گلوبل پروموشن کو نئی رفتار ملنے کی توقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ پی ایس ایل کے شاندار فروغ کے لیے 7 دسمبر کو سہ پہر 3 بجے لندن کے لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں خصوصی روڈ شو منعقد کیا جائے گا۔
ایونٹ میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں، کمرشل پارٹنرز اور کرکٹ شائقین کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔ اس پروموشنل روڈ شو میں کرکٹ فینز کو اپنے پسندیدہ اسٹارز سے قریب سے ملاقات کا موقع ملے گا۔
روڈ شو میں جلوہ گر ہونے والے نامور کھلاڑیوں اور معروف شخصیات میں بابر اعظم، حارث رؤف، صاحبزادہ فرحان، وسیم اکرم، رمیز راجہ اور علی ظفر شامل ہیں، جو شائقین کے درمیان خصوصی توجہ کا مرکز ہوں گے۔
پی ایس ایل کے سی ای او کے مطابق 30 خوش قسمت سپر فینز کو اس خصوصی تقریب میں شرکت کا سنہرا موقع فراہم کیا جائے گا۔







