اسلام آباد (وسیم اشرف عباسی) چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے بورڈ کا اٹھارہواں اجلاس منگل کو سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبر ایڈمن طلعت محمود، ممبر فنانس طاہر نعیم، ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا، ممبر پلاننگ و ڈیزائن ڈاکٹر خالد حفیظ، ممبر انوائرمنٹ اسفندیار بلوچ سمیت دیگر سینئر افسران نے شرکت کی، جبکہ پروفیسر ڈاکٹر محمد علی بھی اجلاس میں موجود تھے۔
اجلاس میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جابہ اور پنڈوریاں کے مقامات پر ماڈل قبرستانوں کی تعمیر کے لیے مقامات مختص کرنے کی منظوری دی گئی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ ماڈل قبرستانوں میں کشادہ جنازہ گاہ، وضو خانے، پبلک ٹوائلٹس، مناسب پارکنگ، میت بس، ایمبولینس اور سی سی ٹی وی سرویلینس کی سہولیات فراہم کی جائیں۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے مزید ہدایت کی کہ ماڈل قبرستانوں کے لیے علیحدہ ویب سائٹ اور ویب پورٹل تیار کیا جائے، تاکہ لواحقین بالخصوص بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے پیاروں کی قبروں کی نگرانی کر سکیں۔
سی ڈی اے بورڈ کے اجلاس میں اسلام آباد میں ایل پی جی اسٹوریج اور فلنگ پلانٹس کے حوالے سے اوگرا اور حکومتی پالیسی کے مطابق فیصلے اپنانے کی منظوری بھی دی گئی، جن میں وقتاً فوقتاً ہونے والی تبدیلیوں کو شامل کیا جائے گا۔
بلڈنگ ریگولیشنز، گرین انفراسٹرکچر اور اربن گارڈننگ
اجلاس میں آئی سی ٹی بلڈنگ کنٹرول ریگولیشنز 2023 میں ترامیم کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے ساتھ اسلام آباد بلڈنگ ریگولیشنز 2023 میں گرین انفراسٹرکچر کے فروغ سے متعلق ترامیم کی بھی منظوری دی گئی۔
منظور شدہ ترامیم میں روف ٹاپ گارڈننگ، ورٹیکل گارڈننگ اور لینڈ اسکیپنگ کے فروغ سے متعلق شقیں شامل ہیں۔ ان ترامیم کا مقصد اسلام آباد میں اربن گارڈننگ کو فروغ دینا اور تعمیرات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔
سی ڈی اے بورڈ کے اٹھارہویں اجلاس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ یا مشترکہ منصوبے کے تحت سی ڈی اے کے اپنے فیول فلنگ اسٹیشنز قائم کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ اس منصوبے سے ادارے کے لیے مستقل آمدنی کے ذرائع پیدا ہوں گے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے اجلاس میں ہدایت کی کہ اسلام آباد بالخصوص بلیو ایریا میں واقع پرانی عمارات کے فیصاڈ (بیرونی ڈھانچے) کی بہتری کے لیے تجاویز پیش کی جائیں، جبکہ عمارات کو خوبصورت بنانے والے مالکان کو خصوصی سہولیات دینے کے آپشن پر بھی غور کیا جائے۔
پلاٹوں کی بولیاں، ڈمپنگ سائٹ اور انتظامی فیصلے
اجلاس میں رواں ماہ ہونے والی رہائشی اور کمرشل پلاٹوں کی بولیوں کی منظوری بھی دی گئی۔ اس کے علاوہ اسلام آباد ہائیکورٹ تعمیر منصوبے کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کے لیے کنسلٹنٹ کی خدمات پیپرا رول 42F کے تحت حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
سی ڈی اے بورڈ کے اجلاس میں ڈمپنگ سائٹ کے قیام کے لیے سیکٹر I-11، I-9 یا کسی دیگر مقام پر غور کیا گیا، جبکہ عبوری طور پر کوڑا کرکٹ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (آر ڈبلیو ایم سی) کی چک بلی خان روڈ پر واقع ڈمپنگ سائٹ تک منتقل کرنے کی توسیع کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں سی ڈی اے کی ریوائزڈ اکاموڈیشن پالیسی کی منظوری بھی دی گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ میڈیکل ٹیکنالوجسٹ کے عہدے کو اپ گریڈ کرنے کی منظوری دی گئی، جس کا مقصد ادارے میں پیشہ ورانہ سہولیات کو بہتر بنانا ہے۔









