فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کراچی کی بندرگاہوں سے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی ترسیل عارضی طور پر معطل کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔
کسٹمز ہاؤس کراچی میں ڈائریکٹوریٹ آف ٹرانزٹ ٹریڈ کے ہیڈکوارٹر میں ڈائریکٹر جنرل افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں کوئٹہ اور پشاور کے افغان ٹرانزٹ ڈائریکٹرز نے آن لائن شرکت کی۔
اجلاس کے بعد جاری کسٹمز جنرل آرڈر کے مطابق افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی ٹرانسپورٹیشن کو غیر معینہ مدت کے لیے معطل کیا جا رہا ہے کیونکہ کوئٹہ اور پشاور کے کسٹمز سٹیشنز پر مزید کنٹینرز کی گنجائش ختم ہو چکی ہے۔
تمام ٹرمینلز کو ہدایت کی گئی ہے کہ جو کنٹینرز گاڑیوں پر لوڈ کیے جا چکے ہیں، انہیں فوراً آف لوڈ کر دیا جائے۔ ساتھ ہی افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے تمام گیٹ پاسز منسوخ کرتے ہوئے اس کی ترسیل روکنے کا حکم دیا گیا ہے۔ یہ پابندی آئندہ احکامات تک برقرار رہے گی۔
کسٹمز ذرائع کے مطابق کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم کے تمام ٹرمینلز نے اس حکم کے بعد افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی کلیئرنس روک دی ہے۔ ایس اے پی ٹی پر ٹرانزٹ کنٹینرز کی طویل قطاریں لگی ہوئی ہیں، کئی کنٹینرز گاڑیوں پر لوڈ کھڑے ہیں، جبکہ سینکڑوں کنٹینرز کوئٹہ اور پشاور کے راستے میں موجود ہیں۔ ڈرائیور بارڈر کھلنے کے منتظر ہیں۔









