پروآ (سی این پی): واپڈا اور این ایچ اے نے مقامی شہریوں کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے انڈس ہائی وے کے مین اڈا پروآ پر بجلی کے نئے کھمبوں کی تنصیب کا کام شروع کر دیا ہے۔ اس اقدام سے نہ صرف ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی بلکہ بجلی کے نظام کے مسائل بھی حل ہونے کی توقع ہے۔
انڈس ہائی وے کی حالیہ دوبارہ تعمیر کے دوران سڑک کی سطح بلند ہونے کی وجہ سے پہلے سے نصب پول اور اوپر سے گزرتی بجلی کی تاریں خطرناک حد تک نیچی ہو گئی تھیں، جس سے بھاری گاڑیوں کے لیے گزرنا دشوار اور ٹریفک میں رکاوٹیں پیدا ہو گئی تھیں۔
مقامی شہریوں کی شکایات کے بعد واپڈا اور این ایچ اے نے فوری طور پر مسئلے کا نوٹس لیا اور نئے پولز کی تنصیب کے ساتھ بجلی کی لائنیں مناسب اونچائی پر منتقل کی جائیں گی، جس سے حادثات کے خطرات کم ہوں گے اور بجلی کی فراہمی محفوظ اور مستحکم ہوگی۔ شہریوں نے اس اقدام کا خیرمقدم کیا اور اداروں کی کاوشوں کو سراہا۔





