کوئٹہ۔ : گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل سے پاکستان میں تعینات بنگلہ دیش کے ڈپٹی کمشنر محمد ثاقب صداقت نے ملاقات کی، پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان گہرے اور خوشگوار تعلقات قائم ہیں، یہ بات خوش آئند ہے کہ بنگلہ دیش کے سرمایہ کار بلوچستان میں زراعت اور تجارت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کے خواہشمند ہیں۔
گورنر نے بلوچستان میں موجود بنگلہ دیشی سرمایہ کاروں کیلئے سرمایہ کاری کے منافع بخش مواقعوں کا ذکر کرتے ہوئے زراعت، معدنیات، توانائی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی جیسے شعبوں کو نمایاں کیا، زراعت، ماہی گیری اور مینوفیکچرنگ کے شعبوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے بلوچستان اور بنگلہ دیش کے درمیان باہمی تجارت کو بڑھانے کے شاندار مواقع دستیاب ہیں۔






