گوگل ایپل اے آئی معاہدہ

مصنوعی ذہانت میں بڑی پیش رفت، گوگل اور ایپل کے درمیان تاریخی معاہدہ

واشنگٹن : گوگل اور ایپل کے درمیان مصنوعی ذہانت کے شعبے میں ایک اہم اور اسٹریٹجک پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت دونوں عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں نے کئی سالہ اے آئی شراکت داری کا اعلان کیا ہے۔ اس معاہدے کے مطابق ایپل کی آئندہ نسل کی مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی، خصوصاً نئے اے آئی فیچرز، گوگل کے جدید Gemini ماڈلز پر مبنی ہوں گے، جسے ٹیکنالوجی انڈسٹری میں ایک بڑی تبدیلی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

گوگل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، اس شراکت داری کے نتیجے میں ایپل کے مستقبل کے اے آئی فیچرز، جنہیں “Apple Intelligence” کا نام دیا گیا ہے، گوگل کے Gemini ماڈلز سے تقویت حاصل کریں گے۔ ان فیچرز میں سب سے نمایاں نیا اور بہتر بنایا گیا Siri اسسٹنٹ بھی شامل ہے، جسے رواں سال صارفین کیلئے متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

یہ شراکت داری ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب گوگل کے Gemini ماڈلز کے تازہ ترین ورژن کو عالمی سطح پر مثبت ریویوز حاصل ہوئے ہیں۔ ماہرین کے مطابق، اس پیش رفت نے مصنوعی ذہانت کے میدان میں موجود دیگر کمپنیوں پر دباؤ میں اضافہ کر دیا ہے، جبکہ گوگل کی پوزیشن مزید مضبوط ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔

گوگل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مختلف تکنیکی آپشنز کے تفصیلی جائزے کے بعد ایپل اس نتیجے پر پہنچا کہ گوگل کی اے آئی ٹیکنالوجی، ایپل فاؤنڈیشن ماڈلز کیلئے سب سے زیادہ مؤثر اور قابلِ اعتماد بنیاد فراہم کرتی ہے۔

صارفین کی پرائیویسی سے متعلق وضاحت

بیان میں مزید واضح کیا گیا ہے کہ Apple Intelligence بدستور ایپل ڈیوائسز اور Private Cloud Compute پر ہی کام کرے گی، جبکہ صارفین کی نجی معلومات کے تحفظ سے متعلق ایپل کے عالمی سطح پر تسلیم شدہ پرائیویسی معیار برقرار رکھے جائیں گے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top