گوگل نے اپنے مقبول ایپ Google Photosمیں مصنوعی سے مزین کئی نئے اور جدید اے آئی فیچرز متعارف کرا دیے ہیں، جن کی مدد سے صارفین اب اپنی تصاویر کو پہلے سے کہیں زیادہ آسانی سے ایڈٹ، تبدیل اور خوبصورت بنا سکیں گے۔
نئے فیچرز میں فوٹو سے افراد یا اشیاء ہٹانے، پس منظر ایڈجسٹ کرنے اور چہرے کے تاثرات بدلنے کے اختیارات شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ایک نیا Askبٹن بھی شامل کیا گیا ہے جو صارف کی ہدایات کے مطابق تصویری تبدیلیوں پر فوری ردِعمل ظاہر کرتا ہے۔
گوگل نے بتایا کہ یہ اے آئی فیچرز پہلے صرف Pixel 10 سیریزمیں دستیاب تھے، مگر اب آئی فون صارفین کے لیے بھی یہ سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ امریکی صارفین اس وقت ان فیچرز سے استفادہ کر سکتے ہیں، جبکہ جلد دیگر ممالک میں بھی اس کا دائرہ بڑھایا جائے گا۔
کمپنی کے مطابق، iOS صارفین کے لیے ری ڈیزائن فوٹو ایڈیٹر بھی متعارف کرا دیا گیا ہے جس میں “Personalized Editing” کا نیا آپشن شامل ہے۔ یہ فیچر گوگل فوٹوز میں موجود چہروں کو خودکار طور پر پہچانتا ہے اور صارف کو یہ طے کرنے دیتا ہے کہ تصویر میں کون سا چہرہ مسکراتا ہوا ہو یا کس کے چہرے سے چشمہ ہٹایا جائے۔
اس کے علاوہ گوگل نے فوٹوز میں “Nano Banana AI Image Model” اور “AI Templates” جیسے جدید آپشنز کا بھی اضافہ کیا ہے، جو صارفین کو تصاویر کو نئے اسٹائلز اور فارمیٹس میں ڈھالنے کی سہولت دیتے ہیں۔
یہ نئے فیچرز ابتدائی طور پر امریکا اور بھارت میں دستیاب ہوں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال گوگل نے AI سرچ فیچر امریکا میں متعارف کرایا تھا، جسے اب 100 سے زائد ممالک تک پھیلا دیا گیا ہے۔









