زمرد خان ہمدرد سیمینار سے خطاب

کم وسائل، بڑے خواب: حکیم سعیدؒ نے قوم کو جینے کا سلیقہ سکھایا، زمرد خان

راولپنڈی : سرپرستِ اعلیٰ سویٹ ہومز اور سابق چیئرمین پاکستان بیت المال زمرد خان نے ہمدرد مرکز راولپنڈی میں منعقدہ ہمدرد نونہال اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہیدِ پاکستان حکیم محمد سعیدؒ کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکیم محمد سعیدؒ ایک غیر معمولی محب وطن، ملنسار اور بااصول شخصیت کے مالک تھے، جن کی پوری زندگی سادگی، قناعت اور کفایت شعاری کا عملی عکس تھی۔

زمرد خان کا کہنا تھا کہ حکیم محمد سعیدؒ کی زندگی ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ انسان اپنی ضروریات کو محدود رکھے، اللہ تعالیٰ پر مکمل توکل کرے اور قومی و سماجی خدمت کو اپنی زندگی کا مقصد بنائے۔ انہوں نے کہا کہ دنیاوی آسائشوں کے بجائے علم، صحت اور فلاحِ انسانیت پر توجہ دینا ہی اصل کامیابی ہے۔

اس موقع پر ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ادارہ فروغِ قومی زبان ڈاکٹر راشد حمید نے نونہالوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکیم محمد سعیدؒ نے اپنی پوری زندگی خدمتِ خلق کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ وہ روزے کی حالت میں بھی مطب فرماتے تھے اور نہایت سادہ طرزِ زندگی اختیار کیے رکھی، جو آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔

طلبہ میں انعامات تقسیم کئے گئے

ڈاکٹر راشد حمید نے کہا کہ سادگی کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ ترقی ترک کر دی جائے، بلکہ اصل سادگی علم و حکمت حاصل کر کے انہیں قومی ترقی کے لیے استعمال کرنے کا نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکیم محمد سعیدؒ نے کم وسائل کے باوجود بڑے ادارے قائم کر کے یہ ثابت کیا کہ اخلاص اور وژن کے ساتھ عظیم کام انجام دیے جا سکتے ہیں، جن میں ہمدرد، ہمدرد یونیورسٹی اور بیت الحکمت نمایاں مثالیں ہیں۔

اجلاس کے دوران طلبہ و طالبات نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے حکیم محمد سعیدؒ کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ بعد ازاں صدر ہمدرد سعدیہ راشد، ڈائریکٹر پروگرامز سید محمد ارسلان اور امان اللہ نیازی نے مہمانِ مقرر کے ہمراہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے۔ تقریب کے اختتام پر دعائے سعید بھی پڑھی گئی۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top