چین کا 76واں قومی، شہباز شریف کی چینی قیادت اور عوام کو مبارکباد

اسلام آباد:۔  وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چین کے عوام کی ترقی ، خوشحالی اور کامیابی کےلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو چین کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات پر فخر ہے، دونوں ممالک دوستی اور شراکت داری میں نئے سنگِ میل عبور کریں گے۔ بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے عوامی جمہوریہ چین کے 76ویں قومی دن کے موقع پر چین کی قیادت اور برادر عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے اس مبارک دن پر چین کے عوام کی ترقی، خوشحالی اور کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ دن نہ صرف چین کے شاندار قومی سفر کی یاد دہانی بلکہ ایک عظیم قوم کی ترقی، استحکام اور عالمی سطح پر امن کے قیام میں چین کے کردار کا بھی اعتراف ہے، صدر شی جن پنگ کی دور اندیش اور مثالی قیادت میں چین نے ترقی و خوشحالی کے ایسے سنگِ میل عبور کیے جو دنیا کے لیے روشن مثال ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ایک لازوال اور ناقابلِ شکست رشتہ ہے جو وقت گزرنے کے ساتھ مزید مضبوط ہوا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ رشتہ باہمی اعتماد، قربانی اور اخلاص پر مبنی اور آنے والی نسلوں کے لیے امن، ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top