پاک ایران دوطرفہ تعاون

شہباز شریف اور لاریجانی کی ملاقات: پاک ایران دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد میں وزیرِاعظم شہباز شریف اور ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری علی اردشیر لاریجانی کی اہم ملاقات میں خطے کے امن، استحکام اور پاک ایران دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے کہا کہ بدلتی علاقائی صورتحال میں پاکستان اور ایران کے درمیان مربوط سفارتی رابطے بے حد ضروری ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے وزیرِاعظم ہاؤس میں علی اردشیر لاریجانی کا خیرمقدم کیا، جو پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں۔ گفتگو کے دوران انہوں نے پاکستان اور ایران کے تاریخی، برادرانہ اور قریبی تعلقات کی اہمیت اجاگر کی اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

ڈاکٹر لاریجانی نے بھی دوطرفہ تعلقات میں وسعت اور باہمی مفاد کے نئے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ملاقات میں علاقائی اور عالمی حالات پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، جبکہ دونوں فریقین نے خطے میں دیرپا امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے علاقائی معاملات پر ایران کے اصولی اور واضح موقف کو سراہا اور مشکل وقتوں میں پاکستان کے ساتھ ایران کی یکجہتی پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے کے پرامن اور خوشحال مستقبل کے لیے ایران کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

ڈاکٹر لاریجانی نے حالیہ 12 روزہ جنگ کے دوران پاکستان کی غیر متزلزل حمایت پر پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے حل کے لیے پاکستان کے مؤثر کردار کی تعریف کی۔

وزیراعظم نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای اور صدر مسعود پیزشکیان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور پاکستان ایران تعلقات مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں یہ بھی طے پایا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار جلد ایران کا دورہ کریں گے، جہاں زراعت، تجارت اور مواصلاتی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوگی۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top