اسلام آباد: پاکستان اور کرغزستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہو گیا ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور کرغزستان کے صدر صادر ژاپاروف نے مشترکہ اعلامیے پر دستخط کرتے ہوئے تعلقات کو نئی سطح پر لے جانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے 15 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ کیا۔
پاکستان کی فارن سروسز اکیڈمی اور کرغزستان کی ڈپلومیٹک اکیڈمی کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔ وزارت تجارت پاکستان اور کرغزستان کی وزارت معیشت نے بھی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ کان کنی، جیوسائنسز، توانائی اور پاکستانی بندرگاہوں کے استعمال سمیت کئی اہم شعبوں میں یادداشتوں کا تبادلہ ہوا۔ دونوں ممالک نے سزایافتہ قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر بھی دستخط کیے۔
کسٹم سروسز کے درمیان الیکٹرانک ڈیٹا انٹرچینج، سیاحت، سرجیکل آلات، ثقافت اور وزارت قانون و انصاف کے شعبوں میں بھی تعاون کی یادداشتیں طے پائیں۔ بشکیک اور اسلام آباد کو جڑواں شہر قرار دینے کی دستاویز بھی دونوں ممالک نے شیئر کی۔
اس کے علاوہ وزیراعظم یوتھ پروگرام اور کرغزستان کی وزارت ثقافت، اطلاعات، کھیل و امور نوجوانان کے درمیان، جبکہ ڈپلومیٹک اکیڈمی اور کرغزستان کی نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز کے درمیان بھی معاہدے طے پائے۔ یہ معاہدے تعلیم، معاشی تعاون، ثقافت اور سیکیورٹی کے شعبوں میں شراکت داری مضبوط بنانے کا عزم ظاہر کرتے ہیں۔
تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف اور صدر ژاپاروف نے ملاقات میں تجارت، توانائی اور مواصلات سمیت کئی شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر تفصیلی گفتگو کی۔ وزیراعظم نے 20 برس بعد کرغزستان کے سربراہ کے دورۂ پاکستان کو خوش آئند قرار دیا، جبکہ صدر ژاپاروف نے گرمجوش استقبال پر شکریہ ادا کیا اور مشترکہ مواقع بڑھانے کی خواہش ظاہر کی۔ ملاقات میں آرمی چیف فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر، وزیر خارجہ اسحاق ڈار، نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی شریک تھے۔
وزیراعظم ہاؤس میں صدر ژاپاروف کے اعزاز میں پروقار استقبالیہ بھی منعقد ہوا، جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔ مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا اور دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔ تقریب میں دونوں رہنماؤں نے اپنے وفود کا تعارف کروایا۔ اس موقع پر صدر ژاپاروف نے وزیراعظم ہاؤس کے احاطے میں پودا بھی لگایا۔









