اسلام آباد ٹریفک پولیس

اسلام آباد، ٹریفک خلاف ورزیوں میں 45 اور حادثات میں 22 فیصد کمی

اسلام آباد: اسلام آباد ٹریفک پولیس نے سال 2025 کی پرفارمنس آڈٹ رپورٹ جاری کر دی، جس کے مطابق رواں برس ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں میں مجموعی طور پر 45 فیصد جبکہ ٹریفک حادثات میں 22 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جو مؤثر انفورسمنٹ اور آگاہی مہمات کا نتیجہ قرار دی جا رہی ہے۔

چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد حمزہ ہمایوں کے مطابق سال 2025 کے دوران 7 لاکھ سے زائد انفورسمنٹس کی گئیں اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر مسلسل کڑی نگرانی رکھی گئی۔ شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے پانچ اہم ٹریفک وائلیشنز کو خصوصی طور پر ٹارگٹ کیا گیا، جن میں رانگ وے، انڈرایج ڈرائیونگ، لین وائلیشن، بغیر لائسنس اور بغیر ہیلمٹ ڈرائیونگ شامل ہیں، جن پر سخت کارروائیاں کی گئیں۔

سی ٹی او کے مطابق موبائل فون کے استعمال پر 7 ہزار 931 جبکہ بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلانے پر 65 ہزار 784 چالان جاری کیے گئے۔ رواں سال ٹریفک خلاف ورزیوں پر 120 ڈرائیونگ لائسنس اور 90 روٹ پرمٹ معطل کیے گئے۔ کالے شیشوں اور غیر قانونی نمبر پلیٹس والی 21 ہزار 168 گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی، جس سے ان خلاف ورزیوں میں 12 فیصد کمی ہوئی۔ اسلام آباد ٹریفک پولیس کے پانچ چیک پوائنٹس پر 88 ہزار سے زائد روڈ یوزرز کو چیک کیا گیا جبکہ 2 ہزار 100 شہریوں کو فوری مدد فراہم کی گئی۔

2026 میں مزید سخت اقدامات کیے جائیں گے ، سی ٹی او اسلام آباد

چیف ٹریفک آفیسر کے مطابق لائسنسنگ مہم نمایاں طور پر کامیاب رہی، جس کے نتیجے میں لائسنس ہولڈرز کی شرح 37 فیصد سے بڑھ کر 81 فیصد تک پہنچ گئی۔ سال 2025 میں 5 لاکھ 60 ہزار سے زائد شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔ اس دوران اسلام آباد میں 12 نئے لائسنسنگ یونٹس قائم کیے گئے، جس سے شہریوں کو 200 فیصد زیادہ سہولتیں فراہم ہوئیں۔ رپورٹ کے مطابق ٹریفک پولیس نے 1 ہزار 250 ایجوکیشنل پروگرامز کے ذریعے 13 لاکھ شہریوں کو ٹریفک قوانین سے آگاہ کیا۔

آئی ٹی پی ہیلپ یونٹ نے 620 ایمرجنسی انخلاء کو یقینی بنایا جبکہ 1 ہزار 346 شہریوں کو سڑکوں پر فوری امداد فراہم کی گئی۔ حمزہ ہمایوں کے مطابق آئی ٹی پی کی سفارش پر سی ڈی اے نے اسلام آباد میں ٹریفک کی بہتری کیلئے اہم منصوبے مکمل کیے، جن میں سرینا انڈر پاس، ایف ایٹ انڈر پاس اور شاہین چوک انڈر پاس شامل ہیں، جبکہ متعدد منصوبے زیرِ تعمیر ہیں۔ سال 2025 کے دوران اسلام آباد ٹریفک پولیس نے 2 ہزار 237 وی آئی پی موومنٹس اور ایونٹس کی کامیاب نگرانی بھی کی۔

سی ٹی او اسلام آباد نے بتایا کہ سال 2026 میں ٹریفک بے قاعدگیوں کی روک تھام کیلئے مزید سخت اقدامات کیے جائیں گے اور شاہراہوں پر مؤثر نگرانی کیلئے 195 مقامات پر 1 ہزار 574 کیمرے نصب کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک کے بہاؤ کو مزید 35 فیصد بہتر بنانے کیلئے پارکنگ پلازے، لائسنسنگ ڈیجیٹیلائزیشن اور کیپیٹل ای لائسنسنگ جیسے منصوبے زیر غور ہیں۔ چیف ٹریفک آفیسر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کے تعاون سے اسلام آباد ٹریفک پولیس کو ایک مثالی فورس بنایا جائے گا۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top