اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی اور ملک کے میدانی علاقوں میں بارش جبکہ بالائی اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش اور برفباری کا یہ نظام ملک کے مختلف حصوں پر اثر انداز ہو رہا ہے، جس سے موسم سرد اور خوشگوار ہونے کے ساتھ ساتھ بعض علاقوں میں مشکلات بھی پیدا ہو گئی ہیں۔
گلیات، نتھیاگلی اور ٹھنڈیانی میں وقفے وقفے سے برفباری ریکارڈ کی گئی ہے، جس سے درجہ حرارت نقطۂ انجماد کے قریب پہنچ گیا ہے۔ شدید سرد موسم کے باعث مقامی آبادی اور سیاحوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سمیت زیارت، کان مہترزئی، مسلم باغ، توبہ کاکڑی اور توبہ اچکزئی میں بارش کے ساتھ برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس سے موسم مزید سرد ہو گیا ہے۔ ان علاقوں میں سرد ہواؤں کے باعث احساسِ سرما میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
کراچی میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، جس کے باعث موسم نسبتاً سرد ہو گیا ہے اور درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
خیبر پختونخوا اور بالائی علاقوں میں موسم کی صورتحال
خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع جن میں چترال، دیر، ملاکنڈ، باجوڑ، بونیر، شانگلہ، کوہستان، کولئی پلاس، بٹگرام، تورغر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مہمند، اورکزئی، خیبر، کرم، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، کوہاٹ، ہنگو، کرک، لکی مروت، بنوں، ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان شامل ہیں، وہاں اکثر مقامات پر بارش جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری ہو رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق تیز بارش اور برفباری کے باعث بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ موجود ہے۔ اس کے علاوہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ بالائی علاقوں میں درمیانی سے شدید بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے جبکہ ملک کے میدانی علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
کم سے کم درجہ حرارت اور مری میں صورتحال
محکمہ موسمیات کے مطابق کم سے کم درجہ حرارت لہہ میں منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ گوپس، اسکردو، بگروٹ اور پارہ چنار میں منفی 5، کالام میں منفی 4 اور مالم جبہ میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔ شدید سرد موسم کے باعث شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کا مشورہ دیا گیا ہے۔
ملکۂ کوہسار مری اور گردونواح میں شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جہاں اب تک ڈیڑھ فٹ سے زائد برف پڑ چکی ہے۔ برفباری کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے ہیں جبکہ بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔
شاہراہیں کلیئر، سیاحوں کو ریسکیو کر لیا گیا
محکمہ ہائی وے نے شدید برفباری کے باوجود تمام اہم شاہراہوں سے برف صاف کرنے کے لیے مشینری کا استعمال کیا، جس سے سڑکوں کو ٹریفک کے لیے بحال رکھا گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق کشمیر پوائنٹ، کلڈنہ اور جھیکا گلی کے درمیان برف میں پھنسنے والی گاڑیوں سے سیاح خاندانوں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ انتظامیہ نے سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ موسم کی صورتحال کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔









