تہران: ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای امریکی و اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے ہیں، جس کی تصدیق ایرانی سرکاری میڈیا نے کردی ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق حملے میں سپریم لیڈر کی شہادت ان کے دفتر میں ہوئی۔ ان کی شہادت پر ایران میں 7 روزہ قومی تعطیل اور 40 روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا ہے کہ حملوں میں آیت اللہ خامنہ ای کی بیٹی اور نواسہ بھی شہید ہوئے، جبکہ ان کے داماد اور بہو کی شہادت کی بھی تصدیق کی گئی ہے۔ اسی حملے میں ایران کے آرمی چیف عبدالرحیم موسوی بھی شہید ہوگئے ہیں، جسے سرکاری اعداد و شمار میں شامل کیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی سپریم لیڈر اپنے ہمراہ ساتھیوں کے ساتھ زیرِ زمین بینکر میں تھے جب ان کے کمپاؤنڈ پر 30 بم گرائے گئے۔
گذشتہ روز امریکہ اور اسرائیل نے ایران پر بحری و فضائی حملے کیے، جن میں 201 ایرانی شہری شہید اور 747 زخمی ہوئے تھے۔ حملوں میں ایرانی وزیر دفاع امیر ناصر زادہ اور ایران پاسداران انقلاب کے سربراہ محمد پاکپور بھی شہید ہوئے ہیں۔









