اسلام آباد: عیدالفطر کس دن ہوگی اور شوال کا چاند کب نظر آئے گا؟ اس حوالے سے نئی پیش گوئی سامنے آگئی ہے۔۔ پاکستان کے خلائی تحقیقاتی ادارے سپارکو کے فلکیاتی اندازے کے مطابق شوال 1447 ہجری کا نیا چاند 19 مارچ 2026 کو صبح 6 بج کر 23 منٹ پر پیدا ہوگا۔ ماہرین کے مطابق اس دن غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر کم ہونے کے باعث رویت کے امکانات محدود ہیں۔
سپارکو کے مطابق 19 مارچ کو غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 12 گھنٹے 41 منٹ ہوگی جبکہ پاکستان کے ساحلی علاقوں میں غروبِ آفتاب اور غروبِ ماہتاب کے درمیان تقریباً 28 منٹ کا فرق متوقع ہے۔ فلکیاتی ماہرین کے مطابق ان حالات میں 19 مارچ کی شام شوال کا چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں۔
اس فلکیاتی جائزے کے مطابق پاکستان میں عیدالفطر بروز ہفتہ 21 مارچ 2026 کو ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، تاہم عیدالفطر کی حتمی تاریخ کا اعلان مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کی جانب سے چاند نظر آنے کی مستند شہادتوں کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو اسلام آباد میں طلب کر لیا گیا ہے جس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔
مرکزی اور زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس
ذرائع کے مطابق ملک بھر میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی منعقد ہوں گے جہاں مختلف علاقوں سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول کی جائیں گی۔ لاہور میں زونل کمیٹی کا اجلاس ایوان اوقاف میں ہوگا جہاں پنجاب کے مختلف شہروں سے شہادتیں جمع کی جائیں گی۔
چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کے مطابق شوال کا چاند نظر آنے یا نہ آنے کا فیصلہ موصول ہونے والی معتبر شہادتوں کی روشنی میں کیا جائے گا جبکہ اس عمل میں محکمہ موسمیات اور سپارکو کی تکنیکی معاونت بھی حاصل کی جائے گی۔ حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے باضابطہ طور پر کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ رواں سال رمضان المبارک کا چاند بھی مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے شہادتوں کی بنیاد پر دیکھ کر یکم رمضان کا اعلان کیا تھا جس کے مطابق اس مرتبہ پورے پاکستان میں ایک ہی دن روزہ رکھا گیا۔
عیدالفطر ایک دن منانے کا امکان
اب عوام کی نظریں اس بات پر ہیں کہ آیا عیدالفطر بھی ملک بھر میں ایک ہی دن منائی جائے گی یا نہیں۔









