بلاوایو: آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو 27 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ شاندار بیٹنگ اور متوازن بولنگ کے باعث انگلش ٹیم نے اعصاب شکن مقابلے میں برتری ثابت کی اور ٹائٹل کے ایک قدم قریب پہنچ گئی۔
میچ میں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 277 رنز اسکور کیے۔ انگلینڈ کی جانب سے تھامس ریو نے شاندار سنچری کھیلتے ہوئے 110 رنز بنائے اور ٹیم کی اننگز کی بنیاد رکھی۔ کیلب فیلکنر نے 40 جبکہ فرحان احمد نے 28 رنز بنا کر مجموعی اسکور کو مضبوط کیا۔ آسٹریلیا کی طرف سے ہیڈن شیلر اور نادین کورے نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ول بائیروم اور آریان شرما ایک، ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔
ہدف کا تعاقب: آسٹریلیا کی مزاحمت
277 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی ٹیم بھرپور مزاحمت کے باوجود 47.3 اوورز میں 250 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ کپتان اولیور پیک نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے سنچری اسکور کی اور 100 رنز بنا کر نمایاں رہے، تاہم ان کی یہ اننگز ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔
انگلینڈ کی جانب سے سبستیاں مورگن، جیمز منٹو، مانی لمزڈین اور رالفی البرٹ نے دو، دو وکٹیں حاصل کر کے آسٹریلوی بیٹنگ لائن کو دباؤ میں رکھا۔ شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر تھامس ریو کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ 2026ء کا فائنل 6 فروری (جمعہ) کو زمبابوے کے ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلا جائے گا۔








