فیفا ورلڈکپ 2026 ٹرافی

فیفا ورلڈکپ 2026 ٹرافی کا عالمی سفر جاری، جکارتہ میں نمائش

جکارتہ : فیفا ورلڈ کپ 2026 کی ٹرافی کے عالمی دورے کا سلسلہ جاری ہے، جس کے دوران سنہری ٹرافی انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ پہنچ گئی ہے۔ اس موقع پر فٹبال ورلڈ کپ کی تاریخی ٹرافی کو جکارتہ انٹرنیشنل کنونشن سینٹر میں عوامی نمائش کے لیے رکھا گیا، جہاں شائقین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

فیفا ورلڈ کپ ٹرافی کے عالمی ٹور کا مقصد دنیا بھر میں فٹبال کے فروغ کو تقویت دینا اور شائقین کو اس تاریخی اور قیمتی ٹرافی کے قریب لانا ہے۔ یہ ٹرافی 18 قیراط سونے سے تیار کی گئی ہے اور فٹبال کی دنیا میں سب سے باوقار اعزاز کی علامت سمجھی جاتی ہے۔

عالمی دورے کے دوران فیفا ورلڈ کپ ٹرافی اس سے قبل ملائیشیا میں نمائش کے لیے پیش کی جا چکی ہے، جہاں شائقین نے اسے دیکھنے میں بھرپور دلچسپی ظاہر کی۔ جکارتہ میں نمائش کے بعد ٹرافی کو عالمی ٹور کے اگلے مرحلے میں دیگر ممالک کا رخ کرایا جائے گا۔

واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 اپنی تاریخ کا سب سے بڑا فٹبال ٹورنامنٹ ہوگا، جس کی میزبانی امریکا، کینیڈا اور میکسیکو مشترکہ طور پر کریں گے۔ اس ایونٹ میں پہلی مرتبہ 48 ٹیمیں حصہ لیں گی، جو عالمی فٹبال کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top