غزہ بورڈ آف پیس کی توثیق

ڈیووس: غزہ بورڈ آف پیس کی توثیق، پاکستان سمیت 20 ممالک کے دستخط

ڈیووس: عالمی امن اور مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار استحکام کے لیے ایک اہم سفارتی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ بورڈ آف پیس کے قیام کی باضابطہ توثیق کر دی۔ امریکہ اور پاکستان سمیت بیس ممالک نے چارٹر پر دستخط کر کے عالمی تعاون کے نئے باب کا آغاز کر دیا۔

ڈیووس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے تجویز کردہ غزہ بورڈ آف پیس کے چارٹر پر دستخط کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تقریب میں شرکت کی۔پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت تقریب میں عالمی رہنماؤں کی توجہ کا مرکز رہی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تقریب کے دوران خصوصی طور پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی طرف اشارہ کرتے ہوئے مسکراہٹ کے ساتھ ان کا خیرمقدم کیا۔

تقریب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بورڈ آف پیس کے قیام کی باضابطہ توثیق کی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چارٹر پر دستخط کیے ۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ، بحرین اور مراکش کے وزرائے خارجہ نے بورڈ آف پیس کے چارٹر کی توثیق کی۔ ارجنٹائن، آذربائیجان، کوسوو، پیراگوئے، ازبکستان اور انڈونیشیا کے صدور نے چارٹر پر دستخط کیے۔ آرمینیا، بلغاریہ،ہنگری ، منگولیا کے وزرائے اعظم اور اردن کے نائب وزیر اعظم نے دستخط کیے۔ سعودی عرب ،قطر،،ترکیہ، قازقستان کے وزرائے خارجہ اور متحدہ عرب امارات کے چئیرمین ایگزیکٹیو اتھارٹی نے چارٹر پر دستخط کیے۔

8اسلامی ملکوں کے وزرائے خارجہ کا مشترکہ اعلامیہ

آٹھ اسلامی ملکوں کے وزرائے خارجہ کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ غزہ بورڈ آف پیس کی توثیق سلامتی کونسل کی قرارداد 2803 کے ذریعے کی گئی ہے۔ جس کا مقصد مستقل جنگ بندی کو مستحکم کرنا، غزہ کی تعمیرِ نو کی معاونت کرنا، اور بین الاقوامی قانون کے مطابق فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت اور ریاستی حیثیت پر مبنی منصفانہ اور پائیدار امن کو فروغ دینا ہے، تاکہ خطے کے تمام ممالک اور عوام کے لیے امن و استحکام کی راہ ہموار ہو سکے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top