عالمی مالیاتی منڈیوں میں غیر معمولی ہلچل کے باعث سونے اور چاندی کی قیمتوں میں تاریخ کی سب سے بڑی گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے، جس نے دنیا بھر کی سرمایہ کاری کو شدید دھچکا پہنچایا۔ صرف 24 گھنٹوں کے اندر عالمی سطح پر قیمتی دھاتوں کی مارکیٹ سے تقریباً 7.4 ٹریلین ڈالر کا سرمایہ ختم ہو گیا۔ عالمی منڈی میں سونا 12.2 فیصد کمی کے بعد 4,708 ڈالر فی اونس جبکہ چاندی 32 فیصد گراوٹ کے بعد 77 ڈالر فی اونس پر آ گئی۔ ادھر پاکستان میں بھی سونے کی قیمتوں میں مسلسل کمی دیکھی جا رہی ہے، جہاں فی تولہ سونا دو روز میں مجموعی طور پر 61 ہزار روپے سستا ہو کر 5 لاکھ 11 ہزار 862 روپے کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔
عالمی مارکیٹ میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں اس شدید کمی نے سرمایہ کاروں کو حیران کر دیا ہے۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق حالیہ دنوں میں قیمتیں ریکارڈ سطح تک پہنچ چکی تھیں، جس کے بعد منافع کے حصول کے لیے فروخت کا دباؤ بڑھا اور ایک ساتھ بڑے پیمانے پر سیل آف دیکھنے میں آیا۔ اسی دباؤ کے نتیجے میں سونا اور چاندی تیزی سے نیچے آ گئے۔
سونے کی قیمت 12.2 فیصد کمی کے بعد 4,708 امریکی ڈالر فی اونس پر آ گئی، جبکہ چاندی کی قیمت میں 32 فیصد گراوٹ ریکارڈ کی گئی اور یہ 77 ڈالر فی اونس تک گر گئی۔ اس سے قبل رواں ہفتے کے آغاز میں سونا 5,594.82 ڈالر اور چاندی 120.44 ڈالر فی اونس کی تاریخی سطح تک پہنچ چکے تھے۔
امریکی فیڈ چیئرمین کے اعلان کا اثر
ماہرین کے مطابق قیمتوں میں اس غیر معمولی گراوٹ کی ایک بڑی وجہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے امریکی فیڈرل ریزرو کے نئے چیئرمین کے اعلان کو قرار دیا جا رہا ہے۔ اس اعلان کے بعد شرح سود سے متعلق غیر یقینی صورتحال پیدا ہوئی، جس نے سرمایہ کاروں کو محتاط رویہ اختیار کرنے پر مجبور کر دیا۔
ٹریڈنگ گروپ کی ریسرچ ڈائریکٹر کیتھلین بروکس نے اے ایف پی سے گفتگو میں کہا کہ قیمتوں میں حالیہ تیز رفتار اضافہ دیرپا نہیں ہو سکتا تھا اور یہ گراوٹ مارکیٹ کے توازن کی بحالی کا عمل ہے۔ ان کے مطابق بے قابو تیزی کے بعد اس طرح کی اصلاح ناگزیر ہوتی ہے۔
پاکستان میں سونے کی قیمتیں بھی دباؤ میں
عالمی منڈی کے اثرات پاکستان میں بھی واضح طور پر نظر آ رہے ہیں۔ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک بھر میں فی تولہ سونے کی قیمت 25 ہزار 500 روپے کمی کے بعد 5 لاکھ 11 ہزار 862 روپے ہو گئی ہے، جبکہ 10 گرام سونا 21 ہزار 862 روپے سستا ہو کر 4 لاکھ 38 ہزار 839 روپے پر آ گیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ دو روز میں فی تولہ سونا مجموعی طور پر 61 ہزار روپے سستا ہوا ہے، جس نے مقامی مارکیٹ میں خریداروں اور سرمایہ کاروں دونوں کو محتاط کر دیا ہے۔
دیگر مالی اثاثے بھی متاثر
سونے اور چاندی کے ساتھ ساتھ دیگر مالی اثاثے بھی دباؤ کا شکار رہے۔ کریپٹو کرنسی بٹ کوائن کی قیمت میں بھی راتوں رات 5.42 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ گزشتہ 12 مہینوں کے دوران اس کی مجموعی قدر میں نمایاں کمی آ چکی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال مارکیٹ کا ایک بڑا “ری سیٹ” ہے، جس کے ذریعے حد سے زیادہ خریداری اور لیوریج کو کم کیا گیا ہے، تاہم آنے والے دنوں میں قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ کا امکان برقرار رہے گا۔









