عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ

عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ بند کرنے کی درخواست، عدالت میں پی ٹی اے رپورٹ پیش

اسلام آباد (سی این پی): اسلام آباد ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی، عمران خان، کے ایکس اکاؤنٹ بند کرنے کی درخواست سے متعلق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی رپورٹ پیش کر دی گئی۔ رپورٹ کے مطابق، حکومت کی جانب سے عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ بند کرانے کے لیے ساڑھے تین سال سے کوششیں کی جا رہی ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 21 اگست 2022 کو پی ٹی اے نے ایکس کو خط لکھا، جبکہ توشہ خانہ، سائفر اور عدت کیس میں سزاؤں کے حوالہ سے 18 اپریل 2024 کو درخواست ارسال کی گئی۔ مزید بتایا گیا کہ 27 نومبر 2025 کو عمران خان کی 47 ٹوٹس بلاک کرنے کے لیے ایکس کو دوبارہ خط لکھا گیا۔

ساڑھے تین سال میں پی ٹی اے نے تین مرتبہ درخواست بھیجی، لیکن ایکس نے زیادہ تر درخواستیں مسترد کر دی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، 27 نومبر 2025 کی 47 ٹوئٹس میں سے ایکس نے صرف ایک ٹوئٹ بلاک کی۔

عدالت کو یہ بھی بتایا گیا کہ پی ٹی اے نے سوشل میڈیا کمپنیز کو پاکستان میں اتھارٹی کے ساتھ رجسٹر کرنے کا کہا، لیکن کمپنیاں نہ رجسٹر ہوئیں اور نہ ہی پاکستان میں کوئی فوکل پرسن مقرر کیا گیا۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ اپنے ممالک میں رجسٹرڈ سوشل میڈیا کمپنیاں دیگر ممالک کے قوانین کے پابند نہیں ہوتیں اور وہ شکایات کو اپنے قوانین کے مطابق ہی دیکھتی ہیں۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top