اسلام آباد: انڈس موٹرز کمپنی لمیٹڈ کے خالص منافع میں جاری مالی سال کی پہلی ششماہی میں سالانہ بنیادوں پر 28 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ کمپنی کی جانب سے پاکستان سٹاک ایکسچینج میں جمع کرائے گئے مالیاتی اعدادوشمار کے مطابق پہلی ششماہی میں کمپنی کو 12.70 ارب روپے کا خالص منافع حاصل ہوا، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 28 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں کمپنی کا خالص منافع 9.95 ارب روپے تھا۔
پہلی ششماہی میں کمپنی کی فی حصص آمدنی 161.60 روپے رہی، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 126.69 روپے تھی۔ اس دوران کمپنی نے ٹیکسوں کی مد میں 8.83 ارب روپے کی ادائیگیاں کیں۔ اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کی دوسری سہ ماہی (اکتوبر تا دسمبر) میں کمپنی کو 5.98 ارب روپے کا خالص منافع حاصل ہوا، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 23 فیصد زیادہ ہے۔
دوسری سہ ماہی میں کمپنی کی فی حصص آمدنی 76.11 روپے رہی، جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں یہ 61.92 روپے تھی۔ مالیاتی کارکردگی میں اس اضافے کو کمپنی کے کاروباری ماڈل اور مقامی مارکیٹ میں گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی فروخت سے جوڑا جا رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ انڈس موٹرز کی مضبوط مالی کارکردگی مارکیٹ میں اعتماد اور سرمایہ کاری کے لیے مثبت اشارہ ہے۔









