پتنگ بازی کیخلاف کریک ڈاؤن

اسلام آباد میں پتنگ بازی کیخلاف کریک ڈاؤن، 54 افراد گرفتار

اسلام آباد :و فاقی دارالحکومت میں جان لیوا پتنگ بازی اور کیمیکل ڈور کی فروخت کے خلاف اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) پولیس نے جنوری کے دوران بھرپور کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 54 افراد کو گرفتار کر لیا، جبکہ 21 ہزار سے زائد پتنگیں، 10 ہزار سے زائد کیمیکل ڈور، چرخیاں اور دیگر خطرناک سامان قبضے میں لے لیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق یہ کارروائیاں شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور مہلک سرگرمیوں کے مکمل خاتمے کے لیے کی گئیں۔

اسلام آباد پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں پتنگ بازی اور اس سے متعلقہ مصنوعات کی فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیاں کیں۔ پولیس ٹیموں نے چھاپوں کے دوران بھاری مقدار میں پتنگ بازی کا سامان برآمد کیا اور ملزمان کو حراست میں لے کر ان کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

اے پی پی کے مطابق پولیس ترجمان نے بتایا کہ کیمیکل ڈور اور پتنگ بازی کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی، کیونکہ یہ سرگرمی محض تفریح نہیں بلکہ ایک سنگین اور جان لیوا خطرہ ہے، جس کے باعث ماضی میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو چکی ہیں اور متعدد افراد مستقل معذوری کا شکار ہوئے۔

ایس ایس پی اسلام آباد قاضی علی رضا نے کہا کہ پتنگ بازی خاص طور پر موٹر سائیکل سواروں، پیدل چلنے والوں اور بچوں کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔ کیمیائی تار معمولی سی غفلت میں موت یا عمر بھر کی معذوری کا سبب بن سکتی ہے، اس لیے اس لعنت کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو پتنگ بازی کے خطرات اور قانونی نتائج سے آگاہ کریں۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top