اسلام آباد (سی این پی) چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر محمد علی رندھاوا نے پیر کے روز سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ایک اجلاس کی صدارت کی، جس میں وفاقی دارالحکومت کی سیکورٹی اور امن و امان کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی، سی ڈی اے کے ممبر ایڈمن طلعت محمود، ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ شرکاء کو اسلام آباد سیف سٹی منصوبے کی توسیع، ٹائم لائنز، ڈیزائن اور جدید آلات کی فراہمی کے حوالے سے جامع بریفنگ دی گئی۔
آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ دارالحکومت میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جا رہی ہے اور پولیس گشت، اسنیپ چیکنگ اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ایمرجنسی ریسپانس ٹائم بھی کم سے کم کیا گیا ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر مزید سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں اور پیٹرولنگ کو بڑھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں تاکہ اسلام آباد کو کرائم فری سٹی بنایا جا سکے۔









