روم (سی این پی) — اٹلی میں ایک شدید سمندری طوفان نے تباہی مچا دی ہے، جس کے نتیجے میں 26 فٹ بلند لہریں ساحلی علاقوں میں داخل ہو گئیں۔ سسلی اور سارڈینیا جزائر سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں، جہاں ریسٹورنٹس اور گھروں کو شدید نقصان پہنچا۔ متاثرہ علاقوں میں سڑکیں زیر آب آئیں اور بجلی کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا، جس سے مقامی رہائشی شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
طوفان کے باعث ٹریفک معطل کر دی گئی ہے اور مقامی حکام نے ساحلی علاقوں سے 190 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ سکول اور دیگر تعلیمی ادارے تاحکم ثانی بند رہیں، جبکہ ہنگامی آپریشن سنٹرز فعال کر دیے گئے ہیں۔ ریسکیو اور حفاظتی ٹیمیں ہر ممکن کوشش کر رہی ہیں تاکہ انسانی جانوں اور املاک کو محفوظ بنایا جا سکے۔
حکام نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ ساحلی علاقوں میں طوفان کے خطرات ابھی بھی موجود ہیں اور لوگوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنا چاہیے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند دنوں میں طوفان کے اثرات جاری رہ سکتے ہیں اور مقامی انتظامیہ ہنگامی حالات کے لیے مکمل تیار ہے۔









