کراچی (سی این پی) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اعلان کیا ہے کہ دو ماہ کے اندر کراچی سیف سٹی پراجیکٹ کو مکمل طور پر فعال کر دیا جائے گا۔ اس حوالے سے وزیراعلیٰ کی زیر صدارت سندھ سیف سٹیز اتھارٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر داخلہ ضیاالحسن لنجار، چیف سیکرٹری سندھ آصف حیدر شاہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں ڈی جی سیف سٹیز اتھارٹی سرفراز نواز نے کراچی سیف سٹی پراجیکٹ پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہر کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ای چالان سسٹم کے بعد سیف سٹی پراجیکٹ کے پہلے فیز کو لانچ کیا جا رہا ہے۔
سید مراد علی شاہ نے ضروری عملے کی فوری بھرتیوں کی ہدایت دی اور سیف سٹی پراجیکٹ کے لیے 34 ماہر تکنیکی اور انتظامی افسران کی بھرتی کی منظوری دی۔ عملے کی بھرتی سلیکشن کمیٹی کے ذریعے کی جائے گی جسے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ پہلے ہی نوٹیفائی کر چکا ہے۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ نے کراچی سیف سٹی پراجیکٹ کے لیے 200 ملین روپے کے نظرثانی شدہ بجٹ کی منظوری بھی دی اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کر کے شہر میں امن و امان اور نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے۔









