وزیراعظم شہباز شریف کا آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی خطاب

کشمیر کی آزادی تک حمایت جاری رہے گی: وزیراعظم شہباز شریف

مظفرآباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ اور ہماری خارجہ پالیسی کی بنیاد ہے، اور کشمیر کی آزادی تک پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا۔ انہوں نے کشمیری عوام کی قربانیوں اور جدوجہد آزادی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان کا مؤقف اصولی، دو ٹوک اور غیر متزلزل ہے۔

وزیراعظم نے یہ بات یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر محض ایک علاقائی تنازع نہیں بلکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت سے جڑا ایک عالمی مسئلہ ہے جسے دنیا کے ہر فورم پر اجاگر کیا جاتا رہے گا۔

محمد شہباز شریف نے کہا کہ معرکۂ حق میں پاک افواج نے بھارت کو ایسی ذلت آمیز شکست دی جسے وہ نسلوں تک یاد رکھیں گے۔ اس شاندار فتح کے بعد عسکری کے ساتھ ساتھ سفارتی محاذ پر بھی مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن اس وقت تک ممکن نہیں جب تک بھارت اپنے جارحانہ، توسیع پسندانہ اور تسلط پسندانہ عزائم ترک نہیں کرتا اور کشمیری عوام کو ان کا جائز حق نہیں دیا جاتا۔

مسئلہ کشمیر، علاقائی امن اور بھارتی رویہ

وزیراعظم نے کہا کہ بھارت اپنی عبرت ناک شکست کے بعد پراکسی عناصر کے ذریعے پاکستان میں دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث ہے، تاہم ہماری بہادر افواج بھارتی کٹھ پتلیوں کو ہر محاذ پر منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

محمد شہباز شریف نے کہا کہ میرے قائد محمد نواز شریف کے وژن کے مطابق کشمیر کاز کو قومی ترقی کے اہداف کے ساتھ ہم آہنگ کیا جا رہا ہے تاکہ مضبوط پاکستان ہی کشمیری عوام کا حقیقی وکیل بن سکے۔

وزیراعظم نے کشمیری نوجوانوں کو بااختیار بنانے پر زور دیتے ہوئے اعلان کیا کہ ایجوکیشن بینوولنٹ فنڈ کے ذریعے آزاد کشمیر کے نوجوانوں کو دنیا کی بہترین جامعات میں جدید اور تکنیکی تعلیم کے مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ مستقبل میں پاکستان اور کشمیر کی تعمیر میں کردار ادا کر سکیں۔

انہوں نے آزاد کشمیر میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بنیادی سہولیات، تعلیم اور روزگار کے شعبوں میں عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔

ترقیاتی اقدامات اور کشمیری عوام کے لیے ریلیف

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے غزہ میں امن کے قیام کے لیے اہم اسلامی ممالک کے ساتھ مل کر مؤثر سفارتی کردار ادا کیا ہے، جو مظلوم اقوام کے ساتھ پاکستان کے اصولی مؤقف کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے سابق صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے اپنی پوری زندگی مسئلہ کشمیر کے لیے وقف رکھی اور ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

محمد شہباز شریف نے کشمیری مہاجرین کے لیے ماہانہ وظیفہ تین ہزار پانچ سو روپے سے بڑھا کر چھ ہزار روپے کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ مظفرآباد میں اسلام آباد طرز کا جدید خدمت سینٹر قائم کیا جائے گا تاکہ عوام کو ایک ہی جگہ تمام سہولیات میسر ہوں۔

وزیراعظم نے بتایا کہ رواں سال دو ہزار انہتر کشمیری طلبہ کو لیپ ٹاپ فراہم کیے گئے جبکہ مزید سترہ سو طلبہ کو لیپ ٹاپ دیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کوٹلی یونیورسٹی اور ویمن یونیورسٹی باغ کے لیے تین ارب روپے مختص کیے گئے ہیں اور دانش یونیورسٹی کا سب کیمپس مظفرآباد میں بھی قائم کیا جائے گا۔

تعلیم، انفراسٹرکچر اور مستقبل کا وژن

وزیراعظم نے کہا کہ ایجوکیشن بینوولنٹ فنڈ کے ذریعے کشمیری نوجوان عالمی معیار کی تعلیم حاصل کریں گے تاکہ وہ بدلتے ہوئے دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو سکیں۔ آزاد کشمیر میں اسکولوں کی چھتوں کی تعمیر و مرمت کے لیے ایک ارب روپے فراہم کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر حکومت کے ساتھ مل کر انفراسٹرکچر کی بہتری، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں تعاون کا عمل مسلسل جاری رکھے گی، کیونکہ کشمیری عوام کی خوشحالی پاکستان کی قومی ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ہر فورم پر کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی آواز بنتا رہے گا اور آزادی کشمیر تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top