اسلام آباد: پاک بحریہ نے شمالی بحیرہ عرب میں ایک جامع دفاعی مشق کے دوران LY-80 اینٹی ایئر میزائل، لوئٹرنگ میونیشن اور بغیر پائلٹ بحری جہاز کا کامیاب عملی مظاہرہ کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مشق میں جدید اور خودکار بحری دفاعی نظاموں کی جانچ کی گئی۔
مشق کے دوران LY-80(N) میزائل کو ورٹیکل لانچنگ سسٹم کے ذریعے طویل فاصلے پر فائر کیا گیا، جس نے کامیابی سے فضائی ہدف کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس تجربے سے پاک بحریہ کے جدید فضائی دفاعی نظام کی مؤثر صلاحیت ثابت ہوئی۔
مشق میں لوئٹرنگ میونیشن کے ذریعے سطحی اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا، جو جدید بحری جنگ میں درست اور بروقت حملے کی صلاحیت ظاہر کرتا ہے۔ اس کے علاوہ کھلے سمندر میں بغیر پائلٹ بحری جہاز کے خودکار تجربات بھی کیے گئے، جن میں اس کی رفتار، سمت اور خراب موسم میں کارکردگی کو جانچا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ خودکار پلیٹ فارم کم خطرے اور زیادہ اثر رکھنے والا نظام ہے، جو مستقبل کی بحری جنگ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ مشق میں کمانڈر پاکستان فلیٹ سمیت اعلیٰ بحری حکام شریک تھے۔
سیاسی قیادت کا خراج تحسین
چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے مشق کو پاک بحریہ کی آپریشنل تیاری اور جنگی صلاحیت کا مظہر قرار دیا۔ سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی LY-80 میزائل کے کامیاب تجربے کو قومی دفاع کیلئے اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے سائنسدانوں اور انجینئرز کو خراج تحسین پیش کیا۔









