اسلام آباد: پاکستان اور بحرین کے درمیان دفاعی اور بحری تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں رائل بحرین نیول فورس کے کمانڈر ریئر ایڈمرل احمد محمد ابراہیم ال بن علی نے آج اسلام آباد میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے اہم ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے پاکستان اور بحرین کے درمیان موجود دیرینہ، برادرانہ اور مضبوط تعلقات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے تمام شعبوں میں بحرین کے لیے پاکستان کی مستقل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ دونوں ممالک باہمی احترام اور اعتماد کی بنیاد پر آگے بڑھ رہے ہیں۔
گفتگو میں باہمی دلچسپی کے کلیدی شعبوں، بالخصوص دفاعی، بحری اور سیکیورٹی تعاون پر توجہ دی گئی۔ فریقین نے موجودہ تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر بھی غور کیا۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں ممالک نے پائیدار اور طویل المدتی دوطرفہ تعاون کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ باہمی فائدے پر مبنی شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط کیا جائے گا تاکہ علاقائی امن و استحکام کو فروغ دیا جا سکے۔









