T20 world cup

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، پاکستان کا بھارت کیخلاف کھیلنے سے انکار، آئی سی سی کا ردعمل

اسلام آباد/دبئی: پاکستان نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف اپنے میچ میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا، جس پر آئی سی سی نے فوری ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی باضابطہ اطلاع کے منتظر ہیں اور توقع کرتے ہیں کہ تمام ٹیمیں طے شدہ شیڈول کے مطابق مقابلہ کریں، تاکہ ایونٹ کی مسابقت اور انصاف برقرار رہے۔

حکومتِ پاکستان نے قومی کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کی اجازت دی ہے، تاہم اعلان کیا گیا کہ پاکستان ٹیم بھارت کے خلاف میچ میں حصہ نہیں لے گی۔ یہ میچ 15 فروری کو کولمبو میں شیڈول ہے۔ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا آغاز 7 فروری سے ہو رہا ہے، گروپ اے میں پاکستان کے ساتھ نمیبیا، نیدرلینڈز، امریکہ اور بھارت شامل ہیں۔

پاکستان کے فیصلے کے بعد دبئی سے جاری رپورٹ کے مطابق آئی سی سی نے بیان دیا کہ وہ قومی پالیسی کے معاملات میں حکومتوں کے کردار کا احترام کرتے ہیں۔ آئی سی سی نے کہا کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے باضابطہ آگاہی کے منتظر ہیں، تاہم تمام کوالیفائی کرنے والی ٹیموں سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ ایونٹ کے طے شدہ شیڈول کے مطابق برابری کی بنیاد پر مقابلہ کریں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ آئی سی سی کے ٹورنامنٹس کی بنیاد کھیل کی دیانت داری، مسابقت، تسلسل اور انصاف پر ہوتی ہے۔ آئی سی سی نے پی سی بی سے درخواست کی کہ اس معاملے میں باہمی طور پر کوئی قابل قبول حل تلاش کیا جائے تاکہ میچ کے شیڈول اور ایونٹ کی کامیابی متاثر نہ ہو۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top