اسلام آباد (سی این پی) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے سندھ، لاہور اور پشاور ہائیکورٹس کے ایڈیشنل ججز کی توثیق اور مدت ملازمت میں توسیع کی منظوری دے دی۔ یہ منظوری جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کی سفارشات کے تحت دی گئی، تاکہ عدالتی نظام کی مؤثر کارکردگی اور زیرِ التوا مقدمات کے بروقت فیصلے کو یقینی بنایا جا سکے۔
صدرِ مملکت نے تمام منظوریاں وزیراعظم کے مشورے پر دی ہیں۔ سندھ ہائی کورٹ کے 10 ایڈیشنل ججز جسٹس میران محمد شاہ، جسٹس تسنیم سلطانہ، جسٹس ریاضت علی سحر، جسٹس محمد حسن، جسٹس عبدالحمید بھگی، جسٹس جان علی جونیجو، جسٹس نثار احمد بھنبھرو، جسٹس علی حیدر، جسٹس محمد عثمان علی ہادی اور جسٹس محمد جعفر رضا کو مستقل کرنے کی منظوری دی گئی۔
مزید برآں، سندھ ہائی کورٹ کے دو ایڈیشنل ججز جسٹس خالد حسین شاہانی اور جسٹس سید فیض الحسن شاہ کی مدت ملازمت میں چھ ماہ کی توسیع کی گئی۔ لاہور ہائی کورٹ کے 11 ایڈیشنل ججز جس میں جسٹس حسن نواز مخدوم، جسٹس ملک وقار حیدر اعوان، جسٹس سردار اکبر علی، جسٹس سید احسن رضا کاظمی، جسٹس ملک جاوید اقبال وینس، جسٹس محمد جواد ظفر، جسٹس خالد اسحاق، جسٹس ملک محمد اویس خالد، جسٹس چودھری سلطان محمود، جسٹس تنویر احمد شیخ اور جسٹس عبہر گل خان شامل ہیں، کو مستقل کرنے کی منظوری دی گئی۔
لاہور ہائی کورٹ کے ایڈیشنل جج جسٹس طارق محمود باجوہ کی مدت ملازمت میں بھی چھ ماہ کی توسیع کی گئی۔ پشاور ہائی کورٹ کے 6 ایڈیشنل ججز جسٹس محمد طارق آفریدی، جسٹس عبدالفیاض، جسٹس صلاح الدین مستقل، جسٹس صادق علی، جسٹس سید مدثر امیر اور جسٹس قاضی جواد احسان اللہ کو مستقل کرنے کی منظوری دی گئی۔
مقدمات کے جلد فیصلوں کی توقع بڑھ گئی
پشاور ہائی کورٹ کے 4 ایڈیشنل ججز جس میں جسٹس فرح جمشید، جسٹس انعام اللہ خان، جسٹس ثابت اللہ خان اور جسٹس اورنگزیب شامل ہیں، کی مدت ملازمت میں چھ ماہ کی توسیع کی گئی۔ اس اقدام سے عدالتی نظام میں استحکام اور مقدمات کے جلد فیصلوں کی توقع بڑھ گئی ہے۔









