اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت جامع حکمت عملی اور مؤثر ٹیم کے ساتھ عملی اقدامات کر رہی ہے اور پاکستان جلد اس موذی مرض کے مکمل خاتمے کی منزل حاصل کرے گا۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ پولیو کے مکمل سدِباب تک بل گیٹس فاؤنڈیشن جیسے قابلِ اعتماد شراکت داروں کے تعاون سے انسداد پولیو اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
وزیراعظم نے یہ بات گیٹس فاؤنڈیشن کے صدر برائے عالمی ترقی کرس ایلیاس کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے پولیو کے خاتمے میں بل گیٹس کی خدمات قابلِ تحسین ہیں اور حکومت پاکستان پولیو کے خلاف جدوجہد میں بل گیٹس اور مسلم برادر ممالک خصوصاً سعودی عرب کے تعاون پر شکر گزار ہے۔ وزیراعظم نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں ملک کو جلد پولیو فری بنایا جا سکے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اگرچہ پولیو کے خلاف مہم میں نمایاں کامیابیاں حاصل ہو چکی ہیں، تاہم بیماری کے مکمل خاتمے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر مزید اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت صوبوں کے ساتھ قریبی ہم آہنگی کے ذریعے پولیو ٹیموں کی ملک بھر میں مؤثر رسائی یقینی بنا رہی ہے اور پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت انسداد پولیو منصوبے مسلسل جاری ہیں۔ وزیراعظم نے وفاقی وزارتِ صحت کو ہدایت کی کہ عوامی آگاہی اور ویکسین کی فراہمی کیلئے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر جامع سفارشات مرتب کی جائیں۔
ملاقات میں وفاقی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال، وفاقی وزیر برائے صحت سید مصطفی کمال، وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق اور دیگر اعلیٰ سرکاری عہدیداران شریک تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے گیٹس فاؤنڈیشن اور سعودی عرب کی جانب سے انسداد پولیو کیلئے جاری تعاون پر ایک بار پھر شکریہ ادا کیا۔
انسداد پولیو مہم پر عالمی اعتماد کا اظہار
گیٹس فاؤنڈیشن کے صدر برائے عالمی ترقی کرس ایلیاس نے پاکستان میں انسداد پولیو مہم پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان کو بل گیٹس کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا اور امید ظاہر کی کہ موجودہ اقدامات کے تسلسل سے پاکستان جلد پولیو سے مکمل نجات حاصل کر لے گا۔
احسن اقبال نے وفد کو پی ایس ڈی پی کے تحت جاری پروگرامز پر بریفنگ دی جبکہ سید مصطفی کمال نے حکومت اور عالمی شراکت داروں کے تعاون سے انسداد پولیو اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ عائشہ رضا فاروق نے ملک بھر میں جاری پولیو مہم کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ملاقات کے اختتام پر وزیراعظم نے گیٹس فاؤنڈیشن کی ڈائریکٹر پولیو ڈاکٹر کیتھی نیوزیل کو حالیہ تقرری پر مبارکباد بھی دی۔









