کراچی (سی این پی) پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے تاریخ رقم کرتے ہوئے ایک نیا سنگِ میل عبور کر لیا، جہاں سرمایہ کاروں کے بھرپور اعتماد اور شرح سود میں ممکنہ کمی کی توقعات کے باعث مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی۔ کاروباری ہفتے کے آغاز پر مارکیٹ نے غیر معمولی رفتار اختیار کی اور ہنڈریڈ انڈیکس نے ملکی تاریخ میں پہلی بار 191 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کر کے سرمایہ کاری کے نئے امکانات روشن کر دیے۔
اسٹاک مارکیٹ نے تاریخ میں پہلی بار 191000 پوائنٹس کا سنگِ میل عبور کر لیا۔ ہنڈریڈ انڈیکس 1866 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 191033 پوائنٹس کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گیا۔ کاروبار کے آغاز پر ہی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 1800 سے زائد پوائنٹس کی زبردست تیزی دیکھی گئی، جس نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید مضبوط کیا۔
کرنسی بروکرز کے مطابق آج متوقع مانیٹری پالیسی میں بنیادی شرح سود میں کمی کی امیدوں کے باعث مارکیٹ میں مثبت رجحان دیکھا جا رہا ہے۔ تیزی کے دوران سیمنٹ، فرٹیلائزر، انرجی، آئل اینڈ گیس، ٹیکنالوجی اور فارماسیوٹیکل کمپنیوں کے شیئرز میں نمایاں خریداری ریکارڈ کی گئی۔









