لاہور: قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 3-0 سے اپنے نام کر لی۔ قومی ٹیم نے شاندار بیٹنگ اور تباہ کن بولنگ کے امتزاج سے آسٹریلوی ٹیم کو مکمل طور پر بے بس کر دیا۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز کا مضبوط مجموعہ اسکور کیا۔ ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی بیٹنگ لائن پاکستانی بولرز کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکی اور پوری ٹیم محض 96 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
قومی ٹیم کی جانب سے محمد نواز نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا اور میچ کا رخ مکمل طور پر پاکستان کے حق میں موڑ دیا۔ شاہین شاہ آفریدی نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ابرار احمد اور نسیم شاہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے مارکس اسٹونس 23 اور کیمرون گرین 22 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، تاہم کوئی بھی بیٹر پاکستانی بولنگ اٹیک کا مؤثر مقابلہ نہ کر سکا۔ اس فتح کے ساتھ پاکستان نے 2018 کے بعد پہلی مرتبہ آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ واش کیا۔









