اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے خطے میں پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور متحدہ عرب امارات کے صدر و ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید النہیان سے علیحدہ علیحدہ ٹیلیفونک رابطہ کیا۔
وزیراعظم نے اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کے بعد پیدا ہونے والی سنگین علاقائی کشیدگی اور بعض خلیجی ممالک میں پیش آنے والے واقعات کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرناک ہیں اور صورتحال کو مزید بگاڑ سکتے ہیں۔
سعودی قیادت سے اظہارِ یکجہتی
سعودی ولی عہد سے گفتگو کے دوران وزیراعظم نے موجودہ حالات میں سعودی قیادت کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر مشکل گھڑی میں اپنے سعودی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا رہے گا اور سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے اپنی ثابت قدم حمایت جاری رکھے گا۔
متحدہ عرب امارات سے اظہارِ یکجہتی
متحدہ عرب امارات کے صدر سے گفتگو میں وزیراعظم نے ابوظہبی پر میزائل حملے میں ایک پاکستانی شہری کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور مرحوم کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے اماراتی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ اپنے اماراتی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات ہر آزمائش میں مزید مستحکم ہوں گے۔
وزیراعظم نے اس نازک مرحلے پر تعمیری اور مثبت کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے دعا کی کہ خطے میں جلد امن، استحکام اور ہم آہنگی قائم ہو۔









