لندن، وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کو دو طرفہ تعلقات مضبوط بنانے کے لیے انتہائی نتیجہ خیز اور تعمیری قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان طے پانے والا دفاعی معاہدہ کسی کے خلاف نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ فیلڈ مارشل عاصم منیر سے خارجہ پالیسی سمیت قومی مفادات کے تمام امور پر مشاورت کرتے ہیں،وہ اور فیلڈ مارشل ایک پیج پر ہیں۔ پاکستان نے اقتصادی استحکام حاصل کر لیا ہے۔
لندن میں برطانوی نژاد پاکستانی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ امریکی صدر نے انہیں دوطرفہ اقتصادی تعاون آگے بڑھانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی میں صدر ٹرمپ کے اہم کردار کی بھی تعریف کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان طے پانے والا دفاعی معاہدہ کسی کے خلاف نہیں ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کی مشترکہ اور دیرینہ خواہش کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان کئی دہائیوں کے خلوص اور اعتماد پر مبنی گہرے تعلقات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے نے اس پائیدار شراکت داری کواب مزید مضبوط بنا دیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے وضاحت کی کہ معاہدے کے تحت ایک ملک پر حملہ دوسرے پر حملہ تصور کیا جائے گا۔ ایسی صورت میں دونوں ممالک باہمی مشاورت سے کسی بھی جارحیت کا جواب دیں گے۔
معرکہ حق کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کو ایسا سبق سکھایا جسے وہ زندگی بھر یاد رکھے گا۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے اقتصادی استحکام حاصل کر لیا ہے اور اسے ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے انتھک کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ حالیہ سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے تاہم وہ اس صورتحال سے نکل کر ملک کو آگے لے جانے کے لیے پر عزم ہیں۔
انہوں نے سیاسی اور عسکری قیادت کے درمیان وسیع تر ہم آہنگی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ فیلڈ مارشل عاصم منیر سے خارجہ پالیسی سمیت قومی مفادات کے تمام امور پر مشاورت کرتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سکیورٹی فورسز دہشت گردوں کا مقابلہ کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔





