وزیر ریلوے حنیف عباسی

تاجر برادری کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں، وزیر ریلوے حنیف عباسی

راولپنڈی: وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ تاجر برادری ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور ان کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ تاجروں کو درپیش رکاوٹیں دور کیے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں، حکومت کاروبار دوست پالیسیوں کے فروغ اور تاجروں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

وزیر ریلوے حنیف عباسی نے ان خیالات کا اظہار راولپنڈی میں بنی تا اصغرمال روڈ انجمنِ تاجران کی نومنتخب قیادت کی تقریبِ حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تاجر برادری، سیاسی رہنماؤں اور سماجی شخصیات کی بڑی تعداد موجود تھی۔ تقریب میں گروپ لیڈر چوہدری طارق، چیئرمین ملک خرم حفیظ، صدر شیخ ایوب اور جنرل سیکرٹری شیخ فیصل سمیت دیگر نومنتخب عہدیداران سے وفاقی وزیر نے حلف لیا۔

حنیف عباسی نے کہا کہ حکومت تاجروں کے ساتھ مسلسل مشاورت کو یقینی بنا رہی ہے تاکہ کاروباری سرگرمیوں کو مزید فروغ دیا جا سکے۔ سابق میئر راولپنڈی سردار نسیم، ایم پی اے راجہ حنیف، پیپلز پارٹی کے رہنما خالد نواز بوبی اور ذیشان مہدی نے بھی خطاب کیا اور تاجر برادری کے مسائل کے حل کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اس موقع پر مرکزی انجمنِ تاجران کے صدر شاہد غفور پراچہ نے نومنتخب جنرل سیکرٹری شیخ فیصل کی تنظیمی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے انہیں مرکزی انجمنِ تاجران کا نائب صدر نامزد کر دیا۔

شہر بھر سے تاجر تنظیموں کے نمائندہ رہنماؤں کی شرکت

تقریب میں شہر بھر سے مختلف تاجر تنظیموں کے نمائندہ رہنماؤں نے شرکت کی جن میں جاوید مغل ایڈووکیٹ، خواجہ شہزادہ (چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی)، ملک سہیل (صدر انجمنِ تاجران کمرشل مارکیٹ)، سیف اللہ خان (صدر پیرودھائی) اور چوہدری عبد الرؤف (صدر انار کلی بازار) شامل تھے۔

آخر میں نومنتخب صدر شیخ ایوب اور جنرل سیکرٹری شیخ فیصل نے کہا کہ وہ بنی تا اصغر مال روڈ اور ملحقہ بازاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے اور تاجروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن جدوجہد جاری رکھیں گے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top