سام سنگ اپنے آئندہ چِپ سیٹ Samsung Exynos 2800 GPU کے ذریعے بڑی ٹیکنالوجی تبدیلی کی تیاری کر رہا ہے، جو 2027 میں لانچ متوقع ہے اور پہلی بار کمپنی کا اپنا تیار کردہ گرافکس پروسیسر استعمال کرے گا۔
سام سنگ کی Exynos سیریز میں Exynos 2800 کو ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے، جو ممکنہ طور پر کمپنی کا پہلا چپ سیٹ ہوگا جس میں ان ہاؤس GPU شامل کیا جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق Exynos 2800 کو 2027 میں متعارف کرانے کا منصوبہ ہے، جبکہ یہ چپ سیٹ صرف اسمارٹ فونز تک محدود نہیں رہے گا بلکہ دیگر جدید ٹیکنالوجی شعبوں میں بھی استعمال ہو سکے گا۔
سام سنگ پہلے ہی Exynos 2600 کے ذریعے مستقبل کے زیادہ جدید چپ سیٹس کی بنیاد رکھ چکا ہے، جس میں AMD کے تعاون سے تیار کردہ Xclipse 960 GPU شامل ہے۔
ان ہاؤس GPU کی اہمیت
Exynos 2800 میں اپنا GPU شامل کرنے سے سام سنگ کو اسمارٹ گلاسز، خودکار گاڑیوں کے سافٹ ویئر اور روبوٹکس جیسے شعبوں میں وسعت کا موقع ملے گا۔
رپورٹ کے مطابق سام سنگ نے اپنے دوسرے جنریشن 2 نینو میٹر GAA پراسیس کا بنیادی ڈیزائن مکمل کر لیا ہے، جبکہ Exynos 2800 انہی جدید ٹیکنالوجیز پر تیار ہو سکتا ہے۔
نئی ٹیکنالوجی کی سمت
سام سنگ کا مقصد صرف ایپل اور کوالکوم سے مقابلہ کرنا نہیں بلکہ ایک ایسا مربوط ٹیکنالوجی ایکو سسٹم بنانا ہے، جو مختلف ڈیوائسز میں یکساں کارکردگی دے سکے۔
ابتدائی طور پر یہ ان ہاؤس GPU مستقبل کے Galaxy اسمارٹ فونز میں استعمال کیا جائے گا، اور امکان ہے کہ Galaxy S28 سیریز میں یہ چپ سیٹ شامل ہو۔
امریکی سیمی کنڈکٹر یونٹ میں بھاری سرمایہ کاری
سام سنگ نے گزشتہ چند برسوں میں امریکا میں GPU ماہر انجینئرز کی بھرتی تیز کر دی ہے، جنہیں سالانہ لاکھوں ڈالرز پر مشتمل تنخواہیں دی جا رہی ہیں۔
کمپنی کے مطابق Exynos 2600 نے اپنے پچھلے ماڈلز کے مقابلے میں نمایاں بہتری دکھائی ہے، جبکہ Exynos 2800 سے متعلق حتمی نتائج 2026 اور 2027 میں سامنے آئیں گے۔








