ریاض (سی این پی) سعودی عرب میں غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران ایک ہفتے میں مزید 18 ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ سعودی وزارت داخلہ کے مطابق مختلف ریجنز میں تفتیشی کارروائیوں کے ذریعے اقامہ اور سرحدی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات جاری ہیں، جن کا مقصد ملک میں قانون کی عملداری کو یقینی بنانا اور غیر قانونی قیام کا خاتمہ کرنا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت داخلہ نے بتایا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران سعودی عرب کے مختلف شہروں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تفتیشی ٹیموں نے غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف وسیع پیمانے پر کارروائیاں کیں، جن کے نتیجے میں 18 ہزار سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا۔
وزارت داخلہ کی رپورٹ کے مطابق اقامہ قوانین کی خلاف ورزی پر 11 ہزار 442 افراد کو گرفتار کیا گیا، جبکہ سرحدی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر سعودی عرب میں داخل ہونے کے الزام میں 1 ہزار 762 تارکین وطن کو حراست میں لیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ گرفتار کیے گئے افراد میں 46 فیصد یمنی، 53 فیصد ایتھوپین جبکہ ایک فیصد کا تعلق دیگر ممالک سے ہے۔ سعودی حکام کا کہنا ہے کہ تمام گرفتار افراد کے خلاف قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد انہیں متعلقہ اداروں کے حوالے کیا جائے گا۔
سعودی وزارت داخلہ نے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کریک ڈاؤن آئندہ بھی جاری رہے گا اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔









