واشنگٹن: وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی بورڈ آف پیس کے افتتاحی اجلاس کے موقع پر عالمی رہنماؤں سے خوشگوار ماحول میں غیر رسمی ملاقاتیں کیں۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق، وزیر اعظم کی بحرین کے فرمانروا شاہ حماد بن عیسیٰ الخلیفہ، آذربائیجان کے صدر الہام علی یف، ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف، قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایف اور انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو سے ملاقاتیں ہوئیں۔
ملاقاتوں کے دوران دوستانہ مصافحے اور معانقے ہوئے، تبادلہ مسکراہٹ اور ایک دوسرے کے احوال دریافت کیے گئے۔ وزیر اعظم شہباز شریف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دعوت پر بورڈ آف پیس اجلاس میں شریک ہوئے۔ پاکستان کی شمولیت غزہ میں امن، تعمیر نو اور عالمی امن کے لیے کوششوں کی عکاسی کرتی ہے۔
پاکستان اور امریکہ کے تعلقات پر زور
وزیر اعظم شہباز شریف نے بورڈ آف پیس اجلاس کے موقع پر امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات کی۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔ دونوں جانب سے پاکستان اور امریکہ کے درمیان باہمی تجارت، اقتصادی سرگرمیوں اور انسداد دہشت گردی میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیر اعظم نے تیزی سے بدلتے ہوئے عالمی ماحول میں مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے پاکستان اور امریکہ کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط کے تسلسل کی اہمیت پر زور دیا۔ صدر ٹرمپ کی قیادت میں شراکت داری کے مثبت تسلسل اور رفتار پر دونوں فریقین نے اطمینان کا اظہار کیا۔ پاکستان نے بورڈ آف پیس کے ساتھ غزہ امن منصوبے پر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
یہ ملاقاتیں عالمی رہنماؤں کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو مضبوط کرنے، باہمی تعاون بڑھانے اور عالمی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کی شراکت کو اجاگر کرنے کا موقع ثابت ہوئیں۔









